افغانستان کو ٹسٹ کرکٹ میں اولین کامیابی

ٹاپ آرڈر بلے باز رحمت شاہ کی شاندار بیاٹنگ اور راشد خان کی بہترین بولنگ کی مدد سے افغانستان نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنی اولین جیت حاصل کرلی۔ افغان ٹیم نے دہرادون میں کھیلے گئے واحد ٹسٹ کے چوتھے دن آئرلینڈ کو 7 وکٹس سے شکست دیکر جیت حاصل کرلی۔ افغانستان کو جیت کیلئے دوسری اننگز میں 147 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 3 وکٹس کھوکر بنالئے۔ نمبر 3 پر بیاٹنگ کرنے والے رحمت شاہ نے دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ پہلی اننگز میں 98 رن بنانے والے رحمت شاہ دوسری اننگز میں 122 گیندوں میں 11 چوکوں کی مدد سے 76 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ اوپنر احسا اللہ جنت نے بھی ذمہ دارانہ بیاٹنگ کرتے ہوئے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 65 ناٹ آئوٹ رن بنائے۔ دوسرے اوپنر محمد شہزاد کل 2 رن بناکر آئوٹ ہوئے تھے جبکہ محمد نبی ایک رن پر رن آئوٹ ہوگئے۔ حشمت اللہ شاہیدی 4 رن پر ناٹ آئوٹ رہے۔ آئرلینڈ کی جانب سے اینڈی مائیک برائن اور جیمس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کرنے والے افغان بلے باز رحمت شاہ کو میان آف دی میاچ قرار دیاگیا۔ واضح رہے کہ افغانستان دنیا کی تیسری ایسی ٹیم بن گئی جس نے اپنے صرف دوسرے ٹسٹ میں ہی کامیابی حاصل کی جبکہ آسٹریلیا کو پہلے ٹسٹ میں ہی جیت حاصل ہوئی تھی۔ انگلینڈ اور پاکستان نے اپنے دوسرے ٹسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز کو کیریر کے چھٹے ٹسٹ میں جیت ملی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *