نیرومودی کیخلاف وارنٹ جاری۔ مقامی پولیس کی جانب سے جلد گرفتاری متوقع

 لندن کی ایک عدالت نے جواہرات کے تاجر نیرومودی کیخلاف گرفتاری وارنٹ جاری کردیا ہے۔ اخفائے دولت کیس میں نیرومودی کی حوالگی کیلئے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی درخواست پر مذکورہ عدالت نے وارنٹ جاری کیا۔ نیرومودی‘ 2بلین ڈالر کے پنجاب نیشنل بینک ( پی این بی) اسکام کیس میں اصل ملزم ہے ۔ سرکاری عہدیداروں نے بتایاکہ ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی جانب سے وارنٹ کے اجراء کے بارے میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ( ای ڈی) کو حال ہی میں مطلع کیا گیا۔ توقع ہے کہ مقامی پولیس( لندن میٹروپولیٹن پولیس) نیرومودی کو رسمی طورپر جلد گرفتار کرے گی جس کے بعد نیرومودی کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ تاکہ وہ ضمانت حاصل کرسکے۔ اِس کے بعد ملزم کو ہندوستان کے حوالے کرنے کی قانونی کارروائی شروع ہوگی۔ ایسا ہی طریقہ کار ‘ شراب کے مفرور تاجر وجئے مالیا کے کیس میں بھی اختیار کیا گیا تھا۔ ای ڈی کی درخواست پر لندن پولیس نے وجئے مالیا کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا۔ 9ہزار کروڑ روپئے کے ایک اخفائے دولت کیس میں ہندوستان نے وجئے مالیا کو حوالے کرنے کی درخواست کی۔ وجئے مالیا کا کیس‘ برطانیہ میں آخری مراحل میں ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے جاریہ ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ برطانیہ کے معتمد داخلہ ساجد جاوید نے نیرومودی کی حوالگی سے متعلق ہندوستان کی درخواست ‘ عدالت کے حوالے کردی ہے تاکہ اِس ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جائے۔ یہاں یہ تذکرہ بیجانہ ہوگا کہ حال ہی میں برطانیہ کے ایک روزنامہ نے ایک رپورٹ اور ویڈیو بھی شائع کیا تھا جس میں مودی کو لندن کے راستوں سے گزرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں