ہالینڈ : ٹرام میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک‘حملہ آور گرفتار

ہالینڈکے شہر اتریخت میں نامعلوم ملزم نے ٹرام میں سفر کرنے والے مسافروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق نامعلوم شخص نے ٹرام پر فائرنگ کی جس میں کئی افراد زخمی ہوگئے جب کہ واقعہ کے بعد حکام نے ٹرام اسٹیشن کے قریب علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تقریباً 10بجکر 45 منٹ پر پیش آیا جس کے بعد انسداد دہشت گردی پولیس نے جائے واقعہ پر پہنچ کر ایک عمارت کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ہیلی کاپٹرز کی مدد سے بھی جائے واقعہ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔میئر اتریخت نے فائرنگ کے واقعہ میں 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔پولیس ترجمان لوسٹ لینسہیگ نے فائرنگ کے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کی جانب سے کئی فائر کیے گئے جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔علحدہ اطلاع کے مطابق اتریخت پولیس نے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس سربراہ راب وان بری نے ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی۔ قبل ازیں پولیس نے سوشل میڈیا پر ٹرام فائرنگ کے 37سالہ ترک نژاد مشتبہ حملہ آور کی تصویر جاری کی تھی اور سرگرمی کے ساتھ اس کی تلاش شروع کردی تھی۔

جواب چھوڑیں