جگن کے پاس، ذاتی گاڑی نہیں ۔375 کروڑ اثاثوں کا اعلان ۔ اہلیہ بھارتی192 کروڑ اثاثوں کی مالک

وائی ایس ار کانگریس پارٹی کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی ، زائد از375 کروڑ کے اثاثہ جات رکھنے کے باوجود ان کے پاس ذاتی گاڑی بھی نہیں ہے ۔ حلقہ اسمبلی پلی ویندولہ سے پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہوئے جگن نے جمعہ کو اپنے اثاثوں کا اعلان کیا ۔ ان کے منقولہ اثاثے 339 کروڑ اور غیر منقولہ اثاثوں کی مالیت35کروڑ سے زائد بتائی گئی ہے ۔ 2014 کے اسمبلی انتخابات میں اسی حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہوئے جگن نے 343 کروڑ کے اثاثوں کا اعلان کیا تھا ۔ ان کی اہلیہ بھارتی ریڈی جو بزنس ویمن ہیں،124 کروڑ اثاثوں کی مالک ہیں جبکہ2014 میں ان کے اثاثے74کروڑ کے تھے ۔ ان میں منقولہ 92کروڑ اورغیر منقولہ 31کروڑ کے اثاثہ ہیں ۔ ان کی دوبیٹیوں کے مشترکہ اثاثہ جات 11کروڑ روپے بتائے گئے ہیں۔ سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے فرزند جگن موہن ریڈی نے حلفنامہ میں بتایا کہ ان کے پاس کوئی گاڑی نہیں ہے ۔ 4بلٹ پروف گاڑیوں کے مالک دیگر افراد ہیں مگر ان گاڑیوں کا رجسٹریشن میرے نام پر ہے ۔46 سالہ جگن نے بتایا کہ انہوں نے 317 کروڑ کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ ان کی اہلیہ نے62کرور کا سرمایہ مشغول کیا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ نے سال2017-18 میں اپنی انکم25.89 کروڑ بتائی ہے جبکہ گذشتہ سال آمدنی 2.90 کروڑ روپے بتائی گئی تھی ۔ جگن ،8.42 کروڑ مالیتی زرعی اراضی،14.46 کروڑ مالیتی کمرشیل عمارت اور حیدرآباد میں ایک رہائشی پلاٹ جس کی مالیت12کروڑ روپے بتائی گئی ہے،کے مالک ہیں۔ ان پر 1.19 کروڑ واجبات بھی ہیں۔ 66.68 کروڑ روپے انکم ٹیکس کی شکل میں واجبات ان کے نام پر ہیں۔ انہوںنے اس بات کا بھی اعتراف کرلیا کہ ان کے خلاف جرائم کے 31کیسس زیر التواء ہیں ان میں سی بی آئی ، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور منی لینڈرنگ قانون کی خلاف ورزی کا بھی کیس شامل ہے ۔

جواب چھوڑیں