ویشویشور ریڈی تلگوریاستوں کے امیر ترین امیدوار

 تلنگانہ میں حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ کے کانگریس امیدوار کنڈا ویشویشور ریڈی نے اپنے خاندان کے جملہ اثاثوں کا اعلان کیا ہے جو جملہ895 کروڑ مالیتی بتائے گئے ہیں۔ 895 کروڑ مالیتی جملہ اثاثوں کے اعلان کے بعد ریڈی،دونوں تلگوریاستوں میں امیر ترین امیدوار بن گئے ہیں۔ ویشویشور ریڈی کے233 کروڑ مالیتی منقولہ اثاثے ہیں۔ جبکہ ان کی اہلیہ کے سنگیتا ریڈی جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر اپولو ہاسپٹلس کے غیر منقولہ اثاثوں کی مالیت613 کروڑ روپے بتائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ ان پر منحصر ان کے فرزند بھی 20کروڑ منقولہ ا ثاثہ جات رکھتے ہیں لیکن خاندان کے کسی بھی فرد کے پاس ذاتی کار یا دیگر موٹر سیکل تک نہیں ہے۔ ویشویشور ریڈی کے غیر منقولہ اثاثوں کی مالیت 36کروڑ اور ان کی اہلیہ کے غیر منقولہ اثاثوں کی مالیت1.81 کروڑ روپے لگایا گیا ہے ۔ا نجینئر سے سیاست داں بننے والے کانگریس امیدوار ویشوویشور ریڈی نے جمعہ کو پرچہ نامزدگی کے ساتھ داخل کردہ حلفنامہ میں یہ بات بتائی ۔ 2014 کے عام انتخابات میں انہوں نے 524 کروڑ کے اثاثوں کا اعلان کیا تھا ۔ ریڈی نے حلقہ چیوڑلہ سے انتخابات لڑتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی اور بعد میں انہوںنے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔آندھرا پردیش کے وزیر پی نارائنہ جو نارائنہ گروپ آف انسٹیٹیوشنس کے صدرنشین بھی ہیں، نے جمعہ کو اپنے افراد خاندان کے 667 کروڑ کے اثاثوں کا اعلان کیا ہے ۔ انہوںنے نیلور حلقہ اسمبلی سے پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہوئے اپنے اثاثوں کا اعلان کیا ہے ۔ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر نے بھی 574 کروڑ مالیتی اثاثوں کا اعلان کیا۔

جواب چھوڑیں