کارتی چدمبرم شیواگنگا ‘ طارق انور‘ کٹیہار اور ہدایت پٹیل‘ اکولہ سے کانگریس امیدوار

 کانگریس نے اتوار کے دن لوک سبھا الیکشن کے لئے 10امیدواروں کی اپنی 9 ویں فہرست جاری کردی۔ اس نے سابق وزیرفینانس پی چدمبرم کے لڑکے کارتی چدمبرم کو ٹملناڈو کی شیواگنگانشست دی ہے۔ کارتی چدمبرم کو کرپشن کیسس کا سامنا ہے۔ کانگریس کی فہرست میں مہاراشٹرا کے 4 ‘ بہار کے 3‘ ٹاملناڈو ،کرناٹک اورجموں وکشمیر کے فی کس ایک امیدوار کا نام شامل ہے۔ سابق این سی پی قائد طارق انور کو پارٹی نے بہار میں حلقہ لوک سبھا کٹیہار سے میدان میں اتارا ہے۔ طارق انورفی الحال اسی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ پارٹی نے سابق جنرل سکریٹری بی کے ہری پرساد کو کرناٹک میں بنگلورساؤتھ الاٹ کیا ہے۔ پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی نے جن ناموں کو منظوری دی ہے ان میں محمد جاوید (کشن گنج)‘ اودئے سنگھ عرف پپوسنگھ(پورنیہ) اور حاجی فاروق میر(بارہمولہ) شامل ہیں۔ پارٹی نے ہدایت پٹیل کو اکولہ سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ کشور اتم راؤ گجبھئیے کو رام ٹیک ۔ایس سی اور سبھاش وانکھیڈے کو ہنگولی کی نشست دی گئی ہے۔ کانگریس نے مہاراشٹرا کے چندرپور میں اپنا امیدوار بدل دیا۔ اس نے ونائک بانگڑے کی جگہ پر سریش دھنورکر کو میدان میں اتارا ہے۔ اس طرح پارٹی تاحال 227 امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے۔ غور طلب ہے کہ دہلی کی ایک عدالت کارتی چدمبرم کو گرفتاری سے 25مارچ تک تحفظ فراہم کرچکی ہے۔

جواب چھوڑیں