انڈیا اوپن کے 9 ویں ایڈیشن کا آج سے آغاز

ہندوستانی بیاڈمنٹن ا سٹار پی وی سندھو اور سائنا نہوال 26 مارچ سے اندرا گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کے کے ڈی جادھو انڈور ہال میں ہونے والے یونیکس سنرائیڈ انڈیا اوپن کے نویں ایڈیشن میں ہندوستانی دبدبے کو لوٹانے کے مقصد کے ساتھ اتریںگی۔ سندھو، سائنا اور سرفہرست مینس ہندوستانی کھلاڑی کڈمبی سریکانت کو انڈیا اوپن کے باعث حال میں ہانگ کانگ میں ہوئی ایشیائی مکسڈ ٹیم بیاڈمنٹن چمپئن شپ سے آرام دیا گیاتھا۔ ہندوستان اس چمپئن شپ میں گزشتہ سال کوارٹر فائنل میں پہنچا تھا لیکن اس وقت وہ گروپ مرحلہ میں ہی باہر ہوگیا تھا۔ سندھو اور سائنا کو انڈین اوپن میں بالترتیب دوسری اور پانچویں سیڈ دی گئی ہے۔ سائنا اس ٹورنامنٹ میں 2010 اور 2015 میں خطاب جیت چکی ہیں جبکہ سندھو نے 2017 میں خطاب جیتا تھا۔ سریکانت نے 2015 میں مردوں کا سنگلز ٹائٹل جیتا تھا۔ ہندوستان کو 2010 میں وی دیجو اور جوالہ گٹا نے مکسڈ ڈبلز کا خطاب دلایا تھا۔ گذشتہ ایڈیشن میں ہندوستان پانچوں زمروں میں ایک بھی خطاب نہیں جیت پایا تھا۔ سندھو اور سائنا کو الگ الگ ہاف میں رکھا گیاہے۔ سندھو کا پہلے دور میں ہم وطن مگدھا اگرے سے مقابلہ ہوگا جبکہ سائنا کے سامنے چین کی کائی یانیان کا چیلنج ہوگا۔ سائنا کا سیمی فائنل میں آل انگلینڈ چمپئن شپ کی نئی فاتح اور اس ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ چین کی چین یوفئی سے مقابلہ ہوسکتا ہے۔ دوسری بار خطاب جیتنے کی تلاش میں لگے سریکانت کا پہلا مقابلہ ہانگ کانگ کے وونگ ونگ ونسنٹ سے ہوگا۔ مردوں کے سنگلز میں اچھی خاصی تعداد میں ہندوستانی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ اس سال 6 کھلاڑی اس کلاس میں ہیں۔ ان میں 2015 کے چمپئن سریکانت کی تیسری، بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور فائنلس سیمی فائنلسٹ سمیر ورما کو پانچویں سیڈ ملی ہے۔ ساتھ ہی بی سائی پرانیت، ایچ ایس پرانوئے، پی کشیپ اور شبھنکر ڈے جیسے کھلاڑی ہندوستان کی جانب سے چیلنج پیش کریں گے۔دریں اثناء سائنا نہوال نے کہاکہ وہ کل سے شروع ہونے والے ایونٹ میں خطابی جیت کیلئے پرعزم ہیں۔

جواب چھوڑیں