غیر ملکی اپنے عزیزوں کو عمرہ ویزے پر بلا سکیں گے

سعودی عرب کے حکام کا کہنا ہے کہ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی اپنے قریبی عزیزوں کے لیے عمرہ ویزہ جاری کرواسکیں گے۔ اخبار 24 نے وزارت حج عمرہ کے سکریٹری برائے عمرہ ڈاکٹر عبد العزیز وزان کے حوالے سے بتایا کہ جلد ہی نافذ ہونے والے نئے قانون کے مطابق سعودی شہریوں سمیت سعودی عرب میں مقیم تمام غیر ملکی بھی اپنے 3 سے 5 رشتہ داروں کے لیے عمرہ ویزہ جاری کروا سکیں گے۔انھوں نے بتایا کہ شہری اور غیر ملکی سال میں 3 مرتبہ اپنے عزیزوں کو عمرہ کے لیے سعودی عرب بلا سکیں گے اور اس کے لیے سعودی شہری اپنے کارڈ پر یا غیر ملکی اپنے اقامہ پر اپنے3 سے 5 رشتہ داروں کو عمرہ ویزے جاری کرواسکیں گے ۔وزارت حج عمرہ کے سیکریٹری برائے عمرہ ڈاکٹر عبد العزیز وزان کے مطابق وزارت نے نیا قانون منظور کر لیا ہے جس پر بہت جلد عملدرآمد ہوگا۔ڈاکٹر عبد العزیز وزان نے بتایا کہ اس قانون کی شرائط کے تحت رشتہ دار قریبی ہونے چاہئیں اور اس کے ساتھ جن رشتہ داروں کو عمرہ ویزے پر بلایا جائے گا ان کی مکمل میزبانی کا ذمہ دار بھی بلانے والا ہوگا جبکہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے پہلے ان کی وطن واپسی کی بھی وہ ذمہ داری لے گا۔واضح رہے کہ موجودہ عمرہ ضوابط کے مطابق سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی اپنے رشتہ داروں کے لئے عمرہ ویزہ جاری نہیں کرواسکتے تھے۔عمرہ ویزہ جاری کرنے کا واحد طریقہ یہ تھا کہ خواہشمند اپنے ملک میں کسی عمرہ ایجنٹ سے پیکیج کے ذریعہ اور اس کے مطابق اسے عمرہ ویزہ جاری کرائے۔

جواب چھوڑیں