اُرمیلا ماتونڈکر کی شرد پوار سے ملاقات

لوک سبھا انتخابات کے لیے ممبئی میں رائے دہی سے پیشتر کانگریس امیدوار اُرمیلا ماتونڈکر نے جمعرات کو این سی پی کے صدر شردپوار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ممبئی نارتھ لوک سبھا حلقہ سے امیدوار ماتونڈکر نے پوار کے ساتھ موجودہ سیاسی حالات پر تقریباً نصف گھنٹہ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ طاقتور مراٹھا قائد کی رہنمائی‘ان کی کامیابی کی راہ ہموار کرے گی۔ ماتونڈکر نے ملاقات کے بعد مراٹھی میں ٹوئٹ کیا کہ ’’گرو نما اور قد آور شخصیت محترم پوار صاحب سے رہنمائی حاصل کرنے کے بعد سفر اب جیت کی طرف ہوگا۔ میری لڑائی کو مستحکم کرنے کے لیے ان کا بے حد شکریہ۔‘‘ بائی ووڈ اداکارہ ممبئی میں اُس حلقہ سے انتخابی سیاست میں قدم رکھ رہی ہیں جہاں ان کا مقابلہ بی جے پی کے موجودہ ایم پی گوپال شیٹی سے ہے جو2014ء کے انتخابات میں کانگریس کے سنجے نروپم کو شکست دے چکے ہیں۔ ممبئی کی 6 سیٹوں پر چوتھے مرحلے میں29؍ اپریل کو رائے دہی ہوگی۔

جواب چھوڑیں