اقلیتوں کی معاشی ترقی، امبیڈکر کو حقیقی خراج۔ محمود علی اورکے ٹی آر کا خطاب

کارگذار صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ بی آر امبیڈکر کی دور اندیشی کی وجہ سے ہی علیحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام ممکن ہوسکا ۔ آج تلنگانہ بھون میں معمار دستور بی آر امبیڈکر جینتی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ بی آر امبیڈکر کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ان کے بتائے ہوئے راستہ پر چلتے ہوئے ہی کے چندر شیکھر راؤ نے تحریک تلنگانہ کی قیادت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈکر کے نظریات آج بھی ملک کیلئے کافی اہمیت رکھتے ہیں۔ ریاست میں کمزور طبقات اور اقلیتی برادری کی معاشی، تعلیمی ترقی کو یقینی بنانا ہی اس عظیم قائد کو حقیقی خراج عقیدت ثابت ہوگا ۔ کارگذار صدر ٹی آر ایس نے کہا کہ بی آر امبیڈکر کسی ایک طبقہ تک محدود قائد نہیں تھے بلکہ وہ ہر شخض کے قائد تھے ۔ حکومت تلنگانہ ان کے نظریات پر چلتے ہوئے سماجی انصاف کو یقینی بنانے کی سمت اپنا سفر جاری رکھے گی ۔ گذشتہ روز شہر کے علاقہ پنجہ گٹہ میں بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کو منہدم کئے جانے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ خاطیوں کا پتہ چلاتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ ریاستی وزیر بہبود کے ایشور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماج کے کمزور طبقات دلتوں کو مراکز قانون سازی میں نمائندگی فراہم کرنے کا سہرا بی آر امبیڈکر کے سرجاتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں بی آر امبیڈکر کے افکار کو فروغ دینے اور کمزور طبقات کی سیاسی ومعاشی ترقی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ بی آر امبیڈ کر نے دنیا بھر میں منفرد اور مثالی دستور ہند تحریر کرنے کا عظم کارنامہ انجام دیا ۔ وہ ہمیشہ غریب کی آواز بننے رہے ، آج بھی ملک کو ایسے قائدین کی اشد ضرورت ہے ۔ اس موقع پر ریاستی وزرا، اراکین اسمبلی ، کونسل ، صدرنشین کارپوریشن و دیگر قائدین موجود تھے۔

جواب چھوڑیں