نیپال میں طیارہ کا ہیلی کاپٹرس سے تصادم ‘3ہلاک

نیپال کے ایورسٹ علاقہ کے لوکیا ایرپورٹ پر ایک چھوٹا مسافر بردار طیارہ رن وے سے گھوم کر دو کھڑے ہوئے ہیلی کاپٹرس سے ٹکرایاگیا جس میں معاون پائلٹ اور دو پولیس ملازمین ہلاک ہوگئے ۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال میں ایک چھوٹا طیارہ ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب واقع ٹینزنگ ہیلیری ہوائی اڈہ سے پرواز بھرتے ہی بے قابو ہو کر رن وے پر کھڑے ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں سیاحوں کی سیکیورٹی پر مامور پولیس فورس کے عہدیدار بھی شامل ہیں۔نیپالی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ حادثہ کے شکار طیارے میں 6 افراد سوار تھے، مہلوکین میں طیارہ کا معاون پائلٹ اور 2 پولیس عہدیدار شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں طیارے کا پائلٹ اور 2 سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ماونٹ ایورسٹ چوٹی کو سر کرنے کے لیے کوہ پیماوں اور سیر و تفریح کے لیے آنے والے سیاحوں کی بڑی تعداد مارچ کے آخری ہفتہ سے اس علاقہ کا رخ کرتے ہیں جن کی سیکیورٹی کے لیے ٹینزنگ ہیلاری ہوائی اڈہ پر ریسکیو ہیلی کاپٹر اور طیارے ہمہ وقت موجود رہتے تھے۔واضح رہے کہ سیاحوں کی جنت ماونٹ ایورسٹ میں فضائی حادثے معمول کی بات ہے ۔ گزشتہ ماہ نیپال کے سیاحت کے وزیر سمیت 7 افراد ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے جب کہ گزشتہ برس ایک طیارہ حادثے میں 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

جواب چھوڑیں