وزیر اعظم اور امیت شاہ ملک کے سب سے بڑے دشمن: فاروق عبداللہ

نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ ملک کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کے خلاف باتیں کرنے والے آگ کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔فاروق عبداللہ نے سری نگر میں جھیل ڈل کے مختلف علاقوں میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ‘مودی اور امیت شاہ ہندوستان کو تباہی اور بربادی کی طرف لے گئے ہیں۔ آج بھی ملک کے لوگوں کو زبان، مذہب اور علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ یہ دونوں ملک کے سب سے بڑے دشمن ثابت ہوئے ہیں، یہ لوگ آئین ہند کو تبدیل کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور اس آئین کو ہند وآئین بنانا چاہتے ہیں حالانکہ آئین ہند کے معماروں نے اس میں ہر ایک طبقہ اور مذہب سے تعلق رکھنے والوں کو برابر حقوق، مذہبی آزادی، انصاف، اظہارِ رائے کی آزادی اور آئینی تحفظ فراہم کیا تھا۔ اسی آئین کے تحت ہماری ریاست کے ملک کے ساتھ مشروط الحاق کو دفعہ 370 اور 35اے کے تحت تحفظ فراہم کیا گیا’۔اس موقع پر پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی، پارٹی لیڈران تنویر صادق، مشتاق احمد گورو اور آغا سید یوسف کے علاوہ کئی عہدیداران بھی موجود تھے ۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ بھاجپا نے اپنے منشور میں 370 اور 35اے کو ہٹانے کا وعدہ کیا ہے ۔ مودی، امیت شاہ اور دیگر بھاجپا والوں کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ وہ آگ سے کھیل رہے ہیں، ایسے کسی بھی اقدام کی صورت میں ایسی آگ بھڑکے کی جس کے شعلے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا یہاں کے سٹیٹ سبجیکٹ قانون کو ختم کرکے یہاں غیر ریاستوں کو بسا کر ہماری ریاست کے مسلم اکثریتی کردار کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔ اس کام کے لئے آر ایس ایس اور بھاجپا والے نے مقامی آلہ کار بھی لگائے ہیں، قلم دوات اور سیب کے نشان لیکر وہ آپ کے پاس ووٹ مانگنے ضرور آئیں گے ۔ موجودہ انتخابات ہمارے اور عوام کے لئے ایک امتحان کی گھڑی ہے ، ایک طرف تمام فرقہ پرست جماعتوں نے مل کر کشمیریوں کے مفادات کو سلب کرنے کے لئے تمام مشینری متحرک کردی ہے اور دوسری جانب یہاں کے عوام کی آواز کو تقسیم کرنے کے لئے نت نئے حربے اپنائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر دشمنوں نے اپنے آلہ کاروں کو یہاں پر کام پر لگا رکھا ہے اور یہ لوگ انتخابات میں سرکاری مشینری، ووٹ کے بدلے نوٹ، طاقت کے بلبوتے اور دیگر حربے اپنانے کے لئے کام میں لگے ہوئے ہیں، ایسے میں نیشنل کانفرنس سے وابستہ ہر ایک فرد کا یہ فرض بنتا ہے کہ ان کوششوں کو ناکام بنایا جائے ۔فاروق عبداللہ نے کہا ‘فرقہ پرست جماعتیں جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن، اجتماعیت اور وحدت کوختم کے لئے کوشاں ہیں ہیں۔ ان سازشوںکا مقابلہ ہمیں مل کر کرنا ہے ، نیشنل کانفرنس ان سازشوں کے خلاف چٹان کی طرح کھڑی ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم آج بھی دشمنوں کی چالوں کو نہیں سمجھیں گے تو ہماری شناخت کو بہت بڑا خطرہ لاحق ہوگا۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ آج آر ایس ایس کی حکمرانی ہے اور بھارت کے صدیوں کے سیکولر روایات کو دفنایا جارہا ہے ، اقلیتوں کا کوئی پرسانِ حال ہی نہیں، ان کی آواز کو تقسیم کرکے مذہبی رواداری اور بھائی چارہ کی عظیم ریت کو نقصان پہنچایا جارہاہے ۔

جواب چھوڑیں