شہرکے بعض علاقوںمیں طوفانی بارش‘زوپارک میں زبردست تباہی

شہر کے نہروزوالوجیکل پارک (زو) میں ہفتہ کی دوپہراچانک طوفانی بارش کی وجہ سے ایک خاتون ہلاک اور دیگر 15زخمی ہوگئے ۔ زو پارک میں ہوائوںکے تیزجھکڑچلنے سے کئی درختوں کی شاخیں ٹوٹ کر گرپڑیں اور چند درخت گرپڑے جس کے نتیجہ میں 60سالہ ایک خاتون جابحق ہوگئی جبکہ دیگر 15 افراد زخمی ہوگئے ۔ تیزہواکے ساتھ برقی تاربھی ٹوٹ کرگرپڑے ۔ مہلوک خاتون کی شناخت نکہت سلطانہ کی حیثیت سے کی گئی وہ پوپل گوڑہ کی متوطن بتائی گئی ہیں۔نکہت سلطانہ ‘ ایک گھنے درخت کے نیچے بیٹھی ہوئی تھیں۔تیز ہواچلنے سے اس درخت کی شاخیں ٹوٹ کر ان پر گرپڑی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئیں ۔ بتایا جاتاہے کہ یہ گھنادرخت بھی گرپڑا۔طوفان بادوباراں کی وجہ سے زو کے اندرموجود افراد پریشان ہوگئے ۔ حکومت نے مہلوک خاتون کے افراد خاندان کو 5لاکھ روپے ایکس گریشیاکااعلان کیا ۔ درختوں کی شاخیں اوپرگرنے سے دیگر 15افراد معمولی زخمی ہوگئے انہیں مرہم پٹی کے بعد گھرجانے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ہفتہ کو9ہزارلوگ زو دیکھنے آئے ہوئے تھے ۔تیزاہواوں سے لگ بھگ 60 سے زائد بڑے دخت گرپڑے او ردیگر کئی اشجارکی شاخیں ٹوٹ گئیں۔ زوحکام نے اندر پریشان حال افراد کوبحفاظت باہر نکالنے کے لئے دستیاب تمام بسوں کواستعمال کیا ان میں سفاری کی اور بیاٹری سے چلنے والی بسیں شامل ہیں۔ان بسوں کے ذریعہ بعجلت ممکنہ تمام وزیٹرس کو زو کے باہرلایاگیا۔ کشٹیجا کے بموجب زوکے کیوریٹر‘تمام اسٹاف کے ساتھ ایڈیشنل پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ منندرانے جوزومیں موجود تھے‘تمام وزیٹرس کوبحفاظت باہرنکالنے میںکامیاب سعی کی ۔ منندرانے بتایا کہ زواسٹاف نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام افراد کو بحفاظت باہرنکالا۔تیزہواوں کے ساتھ آسمان پرسیاہ بادل چھاگئے۔وزٹیرس کو بعجلت ممکنہ حفاظت سے باہر نکالنے کے بعداسٹاف جانوروں کے شیلٹرس اورانکلوژرکی طرف متوجہ ہواتاکہ آفات سماوی سے ان جانوروں کوبچایا جاسکے ۔ تب تک گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوچکی تھی ۔طوفانی بارش سے کسی بھی جانوار کے انکلوژرکونقصان نہیں پہونچا۔تیزہواوں سے بڑے درخت گرنے اور درختوں کی شاخیں ٹوٹنے کے سبب اتوار کو سفاری بسیں ‘بیاٹری سے چلنے والی گاڑیاں اور ٹوائے ٹریں دستیاب نہیںرہے گی ۔ پارکنگ کی سہولت بھی کل دستیاب نہیںرہے گی کیونکہ پارکنگ لاٹ کے قریب کئی تناوردرخت گرپڑے ۔ زو کیوریٹر نے یہ بات بتائی ۔ طوفانی بارش سے زو میں اتنابڑا نقصان کبھی نہیں دیکھاگیا ۔ زو میں درختوں کے ملبہ کی صفائی کاکام رات بھر جاری رہا۔ذرائع کے بموجب شہرکے مختلف علاقوں میں طوفان بادوباراں سے کئی درخت گرنے کی اطلاعات ہیں۔ بہادرپور اور راجندر نگر ‘فلک نماودیگر علاقوں میں زبردست بارش ہوئی ۔ شہر کے دیگرعلاقوں میں بھی بارش کی اطلاعات ہیں۔ نارائن گوڑہ ‘نامپلی ‘ نورخاں بازار ‘حمایت نگر اوردیگر علاقوں میں تیزہوائیں چلنے سے کئی درخت اورپولس گرپڑے جس کی وجہ سے ٹریفک میں زبردست خلل پڑا۔ نشیبی علاقوں کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔

جواب چھوڑیں