راجستھان رائیلس کا آج دہلی سے مقابلہ

آئی پی ایل 2019 کا 39 واں میاچ راجستھان رائیلس اور دہلی کیاپٹلس کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میزبان راجستھان اس وقت 9 میاچس میں 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں مقام پر ہے جبکہ دہلی کیاپٹلس 10 مقابلوں میں 12 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر براجمان ہے۔ راجستھان رائیلس نے گذشتہ مقابلہ میں سابق چمپئن ممبئی انڈینس کے خلاف 5 وکٹس سے جیت حاصل کی تھی جو جاریہ ایونٹ میں اس کی تیسری کامیابی ہے۔ راجستھان نے ممبئی انڈینس سے ہوئے مقابلہ سے قبل اجنکیا رہانے کو قیادت سے برخواست کرتے ہوئے آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ کو قیادت کی ذمہ داری سونپ دی۔ اسمتھ نے کپتان کی ذمہ داری سنبھالتے ہی ممبئی کے خلاف ٹیم کو شاندار جیت دلائی جبکہ اس میں اسمتھ کا بحیثیت بیاٹسمن بھی اہم رول رہا۔ رہانے کپتانی کے ساتھ ساتھ بلے بازی میں بھی ناکام ثابت ہورہے تھے۔ راجستھان کو پلے آف میں رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھنے یہاں سے ہرمقابلہ جیتنا ہوگا۔ اس کیلئے خاص طورپر اسٹیو اسمتھ‘ بن اسٹوکس‘ جوز بٹلر اور رہانے کو بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا۔ دوسری جانب دہلی نے گذشتہ مقابلہ میں کنگز الیون پنجاب کو 5 وکٹس سے شکست دیکر اپنی چھٹی جیت درج کی تھی۔ دہلی کیاپٹلس کی ٹیم اس وقت بہترین فام میں ہے اور ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ پلے آف میں آسانی سے رسائی حاصل کرلے گی ۔ دہلی کے نوجوان کپتان شریاس ائیرس قیادت کی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ بلے بازی میں بھی کامیاب ثابت ہوئے ہیں جبکہ دھون بھی اپنے بہترین فام میں واپس آگئے ہیں۔ بہرحال کل دونوں ٹیموں کے درمیان ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو مل سکتاہے جو جئے پور میں رات 8 بجے سے کھیلا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *