سری لنکا بم دھماکے‘ کھلاڑیوں کی جانب سے شدید مذمت

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اور نائب کپتان روہت شرما کے بشمول متعدد کھلاڑیوں نے سری لنکا میں آج پیش آئے بم دھماکوں کی شدید مذمت کی اور اسے انسانیت دشمن افراد کی کارستانی قرار دیا۔ واضح رہے کہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے بشمول ملک کے کئی علاقوں میں عیسائیوں کے مقدس تیوہار ایسٹر کے دن 2 چرچ اور 2 تھری اسٹارس ہوٹلوں کو نشانہ بناتے ہوئے 6 بم دھماکے کئے گئے۔ اس حملے میں تقریباً 185 افراد کی موت ہوئی جبکہ سینکڑوں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق ان دھماکوں میں 185 لوگوں کے ہلاک ہونے جبکہ تقریباً 300 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ کپتان کوہلی‘ روہت شرما‘ سریش رائنا‘ وی وی ایس لکشمن‘ آکاش چوپڑا اور تجزیہ نگار ہرشا بھوگلے نے اپنے بیان میں ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت سری لنکا کیلئے انتہائی نازک ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس نازک وقت میں مرنے والوں کے افراد خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ کوہلی نے کہاکہ انہیں جب یہ خبر ملی تو صدمہ سے دوچار ہوئے۔ سابق انگلش کرکٹر اور موجودہ کامنٹیٹر ایلین ولکنس نے کہاکہ آج سری لنکا سے ایک انتہائی دردناک خبر آئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سری لنکا ایک بہترین ملک ہے اور انہیں اس واقعہ پر کافی تکلیف ہوئی ہے۔ انہوں نے مرنے والوں کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔

جواب چھوڑیں