شاداب خان‘ وائرس کی تشخیص کے بعد دورہ انگلینڈ سے باہر

پاکستانی ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان کے خون میں ہیپیٹائٹس کے وائرس کی تشخیص کے بعد انہیں انگلینڈ کے دورہ سے خارج کردیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیف سیلیکٹر انضمام الحق نے اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں صحافیوں کو بتایاکہ پاکستانی کھلاڑیوں کے خون کے ٹسٹ کروائے گئے تھے۔ رپورٹس کے مطابق شاداب خان کے خون کے نمونے میں ہیپاٹائیٹس کا وائرس پایا گیاہے جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں 4 ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیاہے۔ انضمام الحق نے کہاکہ شاداب خان دورہ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے لیکن توقع کی جا رہی ہے کہ مکمل طورپر صحتیاب ہونے کے بعد وہ ورلڈکپ کیلئے دستیاب ہوںگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاداب خان کی جگہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے شاداب خان کو ٹرمپ کارڈ قرار دیا تھا۔ پاکستان ٹیم کی چمپئنس ٹرافی میں فتح جیسی حالیہ کامیابیوں کے پیشِ نظر گذشتہ کچھ عرصہ سے شاداب خان کا شمار پاکستانی ٹیم کے اہم ارکان میں ہوتاہے۔ شاداب خان کا کرکٹ ٹیم سے باہر ہونا پاکستانی ٹیم کیلئے ایک بہت بڑا دھکا خیال کیاجا رہاہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم 22 اپریل کی شب انگلینڈ کیلئے روانہ ہوگی جہاں وہ کینٹ، نارتھمپٹن شائر اور لیسٹر شائر کے خلاف وارم اپ میاچس کھیلنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف 5 مئی کو کارڈف میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ونڈے میاچس کی سیریز 8 سے 19 مئی تک کھیلی جائے گی۔ ورلڈکپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم 2 وارم اپ میاچس بھی کھیلے گی جو 24 مئی کو افغانستان کے خلاف برسٹل اور 26 مئی کو بنگلہ دیش کے خلاف کارڈف میں ہوں گے۔ پاکستانی ٹیم کا ورلڈکپ میں پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ بریج ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں