پارٹی امیدواروں کو بی فارم کی اجرائی۔ صدر ضلع کانگریس کو اختیار:این اتم کمار ریڈی

تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر این اتم کمارریڈی نے کہا کہ ضلع اور منڈل پر یشد کے الیکشن میں حصہ لینے والے پارٹی امیدواروں کو ’’ بی ‘‘ فارم کی اجرائی کیلئے کانگریس کے ضلعی صدورکو مجاز گردانا گیا ہے۔ جملہ32 اضلاع کے کانگریس ضلعی صدور اپنے ضلع میں پارٹی امیدواروں کو کانگریس کا بی فام حوالے کرنے کا اختیار رہے گا ۔ اتم کمار ریڈی نے صدور ضلع کانگریس کو ہدایت دی ہے کہ وہ بی فارم جاری کرنے سے قبل پارٹی امیدوار سے ایک تحریری حلفنامہ حاصل کریں جس میں بی فارم حاصل کرنے والے کانگریس امیدوار کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ وہ زیڈ پی ٹی سی یا ایم پی ٹی سی منتخب ہونے کے بعد سیاسی وفاداری تبدیل نہیں کرے گا ۔ قبل ازیں گاندھی بھون میں کانگریس قائدین اور صدور ضلع کانگریس کے علاوہ پارٹی ورکرس کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سی ایل پی قائد ملوبھٹی وکرامارکہ ، سابق ایم ایل سی محمد علی شبیر، سابق سی ایل پی لیڈر کے جانا ریڈی ، کارگذار صدر پردیش کانگریس پونم پربھاکر، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا ، الیکشن کمیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن اور صدور ضلع کانگریس شریک تھے ۔ اجلاس میں صدور ضلع کانگریس کو کانگریس ٹکٹ پر انتخاب لڑنے والے زیڈ پی ٹی سی امیدوار کو بی فارم جاری کرنے کا اختیار دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اُسی طرح صدر منڈل کانگریس کو ایم پی ٹی سی انتخاب لڑنے والے کانگریس امیدوار کو بی فارم جاری کرنے کا مجاز گردانا گیا ہے ۔ صدر ضلع اور صدر منڈل کانگریس کو ہدایت دی گئی ہے کہ بی فارم جاری کرنے سے قبل پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے امیدواروں سے حلف نامہ حاصل کریں۔ جس میں اس بات کی صراحت ہونی چاہئے کہ منتخب ہونے کے بعد یہ امیدوار، سیاسی وفاداری تبدیل نہیں کریں گے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ر یاست میں ضلع پریشد اور منڈل پریشد الیکشن کے عمل کا آغاز 22؍ اپریل سے ہوگا ۔

جواب چھوڑیں