راجستھان نے کولکتہ سے جیت کا نوالہ چھین لیا

 شاہ رخ خان کی کولکتہ نائٹ رائڈرس کی پے در پے شکستوں کا سلسلہ جاری ہے۔جاریہ لیگ کے پلے آف میں رسائی کی مہم کو آج رات اس وقت دھکا لگا جب گوہاٹی‘آسام کے17سالہ لڑکے ریان پراگ نے اپنی آتش فشاں اننگز کی بدولت راجستھان رائلس کو کولکتہ کے خلاف3وکٹ سے ہرانے میں نمایاں رول ادا کیا۔جیت کے178رنوں کے نشانہ کوراجستھان نے19.2اوورس میں7وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔آخری اوور میں راجستھان کو9رنوں کی ضرورت تھی اور کوئی مستند بلے باز وکٹ پر نہیںتھا لیکن جوفرا آرچر نے پرسیدھ کرشنا کے ابتدائی دو گیندوں پرچوکا اور چھکا اڑاکر راجستھان کو کامیابی سے ہمکنارکیا۔میاچ کے ہیروریان پراگ نے ایک ایسے وقت جب کولکتہ کی جیت یقینی نظر آرہی تھی اپنے بیاٹ سے تاریخی ایڈن گارڈنس پرچوکے اور چھکوں کی ایسی بارش کی کہ دیکھنے والے دیکھتے رہ گئے اور میدان پر شاہ رخ کے بازی گر ہاتھ ملتے رہ گئے ۔ایک مرحلہ پرراجستھان6وکٹ پر123رن پر جدوجہد سے دوچار تھی لیکن ریان پراگ ‘شریاس گوپال اورجوفرا آرچر نے کے کے آر بولنگ کا کچومر نکال دیا۔آرچر نے 12گیندوں پر27رنوں کی دھواں دار اننگز میں دوچوکے اوردو چھکے لگاتے ہوئے کولکتہ کی امیدوں پرپانی پھیر دیا۔اجنکیا رہانے34‘سنجوسیمسن22‘بن اسٹوکس اور اسٹورٹ بنی11-11اورشریاس گوپان نے18 رن بنائے۔قبل ازیں ٹاس ہارکر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کے کے آر نے6وکٹ پر175رن اسکورکئے۔کپتان دنیش کارتیک ایک مرتبہ پھراپنی سنچری سے چوک گئے ۔انہوں نے50گیندوں پرمشتمل اپنی ناٹ آوٹ97رنوں کی اننگز میں7چوکے اور9چھکے اڑاتے ہوئے جیت کی بنیاد فراہم کی لیکن کولکتہ کے بولرس نے ان کی محنت پر پانی پھیردیا۔ورون آرون نے کولکتہ کے دو ابتدائی بلے بازوں کو آٹ کرکے میان آف دی میاچ کا اعزازحاصل کیا۔

جواب چھوڑیں