کالیشورم کو تیرتھ استھان بنایا جائیگا: کے سی آر

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حکومت ایک سو کروڑ روپے کے مصارف سے کالیشورم کو تیرتھ استھان کے طور پر ترقی دے گی۔ بھکتوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے600 ایکر اراضی پر مختلف سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ آج کالیشورم مندر میں افراد خاندان کے ساتھ پوجا انجام دینے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے تعمیراتی کاموں کی تکمیل کے بعد کالیشورم مندر میں مہا یگنم منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے ۔ بعدازاں چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کے ساتھ قریب میں زیر تعمیر میڈی گڈا بیاریج کا معائنہ کیا ۔ چند شیکھر راؤ نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے تعمیراتی کاموں کی تکمیل کے بعد کالیشورم کو مذہبی اور سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دی جائے گی ۔ انہوںنے کہا کہ مندر میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بعد مندر کی اہمیت کے پیش نظر لاکھوں افراد کا لیشورم کو تیرتھ یاترا کیلئے آئیں گے ۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹر کو اس مقصد کے لئے سرکاری محکمہ جنگلات اور خانگی افرادسے 600 ایکر اراضی حاصل کرنے کے عمل کو شروع کرنے کی ہدایت دی ۔ جہاں کلیان منڈپم، مندر کے پجاریوں کیلئے رہائش گاہیں، ویدپاٹھ شالہ اور کلا شالہ تعمیر کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ بھکتوں کو گھاٹ کے قریب ڈبکی لگانے کے دوران تحفظ فراہم کرنے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوںنے مزید کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تکمیل کے بعد مندر کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جائیگا ۔ کالیشورم پراجکٹ کی تکمیل سے 45لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کیا جاسکے گا ۔

جواب چھوڑیں