بی جے پی وفد کی الیکشن کمیشن سے ملاقات‘مغربی بنگال کے بعض حلقوں میں دوبارہ رائے دہی کا مطالبہ

بی جے پی وفد نے جس میں مرکزی وزیر پیوش گوئل شامل تھے ‘ پیر کے دن الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ مغربی بنگال کے بعض حلقوں میں جہاں تشدد برپا ہوا‘ دوبارہ رائے دہی کرائی جائے۔ ریاست میں آزادانہ و منصفانہ الیکشن کے لئے مرکزی فورسس تعینات کی جائیں۔ پیوش گوئل نے نئی دہلی میں الیکشن کمیشن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو تفصیلی جانکاری دی کہ ہمارے ورکرس پر کس طرح تشدد برپا کیا گیا۔ ہم نے ساتویں مرحلہ اور اس سے قبل کے مرحلوں میں اُن حلقوں میں دوبارہ رائے دہی کا مطالبہ کیا ہے جہاں تشدد برپا ہوا۔ الیکشن کمیشن کو سخت کارروائی کرنی چاہئے۔ ہم نے اُن حلقوں کے نام الیکشن کمیشن کو بتادیئے ہیں جہاں دوبارہ رائے دہی ہونی چاہئے۔ پیوش گوئل نے کہا کہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ریاست کے عوام کو بارہا دھمکایا کہ چناؤ کے بعد سبق سکھاؤں گی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی ہونے تک اور اس کے بعد بھی تشدد برپا ہوسکتا ہے۔ زائد مرکزی فورسس تعینات کی جانی چاہئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *