وی وی پیاٹ اور ووٹوں کی گنتی میں عدم مطابقت پرانتخابات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا جائے :عام آدمی پارٹی

 لوک سبھا انتخابات کے لیے مختلف نیوز چینلوں کی جانب سے اتوار کے روز پیش کیے گئے اگزٹ پولس کو مسترد کرتے ہوئے جن میں بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے لیے واضح اکثریت کی پیش قیاسی کی گئی ہے ، عام آدمی پارٹی قائد سنجے سنگھ نے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات کو منسوخ کردیا جانا چاہیے اگر وی وی پی اے ٹی اور ای وی ایم ووٹوں کی گنتی میں کوئی فرق پایا جائے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے ٹوئٹر پیام کا جواب دیتے ہوئے جس میں انہوں نے اگزٹ پولس کو گپ شپ قرار دیا ہے اور اپوزیشن جماعتوں سے متحد ، مضبوط اور حوصلہ مند رہنے کی اپیل کی ہے ، سنجے سنگھ نے کہا کہ کیا اصل کھیل ای وی ایم کا ہے ، کیا یہ اگزٹ پولس رقم لے کر جاری کیے گئے ہیں ؟ آخر یہ کس طرح ممکن ہے کہ بہار ، مدھیہ پردیش ، راجستھان ، چھتیس گڑھ ، گجرات ، مہاراشٹرا ، کرناٹک ، دہلی اور مغربی بنگال میں ہر طرف بی جے پی کی جیت کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ اگر وی وی پی اے ٹی اور ای وی ایم کے ووٹوں کی گنتی میں کوئی فرق پایا جائے تو ہر اپوزیشن جماعت کو چاہیے کہ وہ لوک سبھا انتخابات کی منسوخی کا مطالبہ کرے ۔ ممتا بنرجی نے گذشتہ روز اگزٹ پولس پر ردّ ِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اگزٹ پولس گپ شپ پر بھروسہ نہیں کرتی ۔ ان کا اصل منصوبہ یہ ہے کہ اس گپ شپ کے ذریعہ ہزاروں ای وی ایمس میں چھیڑ چھاڑ کی جائے یا انہیں تبدیل کردیا جائے ۔ میں تمام اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ متحد رہیں اور مضبوط رہیں ۔ ہم مل جل کر یہ لڑائی لڑیںگے۔ واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات 2019 کے ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوگی ۔

جواب چھوڑیں