ریاست میں گرمی کا قہر جاری، عوام پریشان

محکمہ موسمیات نے آج خبردار کیا ہے کہ تلنگانہ میں مزید3دنوں تک گرمی کی لہر برقرار رہے گی ۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ دھوپ میں غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔ انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ نے اتوار کو بلیٹن جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے بعض مقامات پر آج سے منگل تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی ۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ دھوپ میں راست طور پر باہرنہ نکلیں اور ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ ہفتہ کے روز رام گنڈم ریاست کا گرم مقام رہا جہاں اعظم ترین درجہ حرارت45.2 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ کھمم میں45اور حیدرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت42.2 ڈگری سلسیس درج کیا گیا ۔ ہفتہ کے روز دونوں شہر حیدرآباد اور سکندرآباد اور اس کے قرب وجوار کے علاقوں میں دن کے ساتھ رات کا درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ درج کیا گیا ۔ رات بھر گرمی کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ تقریباً ایک ماہ سے تلنگانہ کے بیشتر مقامات شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اس دوران چند مقامات پر اعظم ترین درجہ حرارت 40ڈگری سلسیس سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔میڈیا اطلاعات کے مطابق دونوں شہر حیدرآباد اور سکندرآباد اتوار کو بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے ۔ ہفتہ ، شہر کا گرم دن تھا اعظم ترین درجہ حرارت 44ڈگری سلیس درج کیا گیا جالانکہ تین دن قبل شہر میں اعظم ترین درجہ حرارت میں کمی نوٹ کی گئی تھی مگر ہفتہ کے روز گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور درجہ حرارت 44 ڈگری سلسیس کے قریب درج کیا گیا ۔ دونوں شہروں میں عوام کو سراور کانوں کو کپڑے سے ڈھانک کر کام کے مقامات پر جاتے ہوئے دیکھا گیا ۔ شدید گرمی سے شہر کی اہم اور مصروف ترین سڑکیں ویران نظر آرہی ہیں۔ شام7بجے کے بعد سڑکوں پر ٹریفک دیکھی جارہی ہے ۔ اتوار کے روز شہر کا اعظم ترین درجہ حرارت 43ڈگری سلسیس درج کیا گیا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *