وزیر اعظم سے جگن موہن ریڈی کی ملاقات

وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ و آندھرا پردیش چیف منسٹر کے امیدوار جگن موہن ریڈی نے اتوار کو نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ انہوںنے نریندر مودی سے ریاست اے پی کو خصوصی موقف دینے کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا ۔ بعدازاں جگن نے بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ سے بھی ملاقات کی اور ان سے ریاست کے اہم مطالبات کی یکسوئی میں تعاون کی درخواست کی ۔ ریاست کو خصوصی موقف اہم انتخابی موضوع رہا ہے۔ اس موضوع کو جگن نے انتخابی مہم کے دوران بار بار اٹھایا اور یہ عہد کیا کہ وہ آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دلانے کیلئے ممکنہ سعی کریں گے ۔ اے پی اسمبلی انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے فقید المثال کامیابی حاصل کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کرلیا ہے ۔ نئی دہلی کے 7 لوک کلیان مارگ پر واقع مودی کی رہائش گاہ پر جگن پہنچے اور وزیر اعظم کے ساتھ انہوںنے آندھرا پردیش کو خصوصی موقف، ریاست کی مالیاتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور مرکز سے ریاست کو زیادہ سے زیادہ فنڈس کی اجرائی پر زور دیا ۔ جگن نے کہا کہ وہ ، وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی تقریب حلف برداری میں مدعو کیا ہے جو وجئے واڑہ میں30مئی کو مقرر ہے ۔ وائی ایس آر سی پی کے سربراہ نے آندھرا بھون کے عہدیداروں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا ۔ یو این آئی کے بموجب اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد وائی ایس جگن موہن نے آج نئی دہلی میں وزیر اعظم سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی اور نریندر مودی کو ان کی ( چیف منسٹر ) تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ حوالے کیا ۔ جگن نے وزیر اعظم مودی کو وائی ایس آر سی پی کے مطالبات پر مبنی ایک فہرست بھی حوالے کی جس میں اے پی کو خصوصی موقف دینے کے وعدہ کی تکمیل ، اے پی تنظیم جدید قانون پر موثر عمل آوری، پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کیلئے فنڈس کی اجرائی، کڑپہ اسٹیل پلانٹ کا قیام، پسماندہ اضلاع، درگا راجہ پٹنم بندر گاہ ، وجئے واڑہ اور وشاکھا پٹنم میں میٹرو ریل پراجکٹ میں تیزی لانے کے مطالبات شامل ہیں۔ انہوںنے ریاست کے مالیاتی موقف اور تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور ریاست کے زیرالتوائ30 ہزار کروڑ کے بلز کی یکسوئی کی خواہش کی ہے ۔ اس موقع پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے دیگر سینئر قائدین بھی موجود تھے۔آئی اے این ایس کے بموجب ملاقات کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہماری بات چیت بہتر اور خوشگوار رہی ۔ ہم نے کئی موضوعات پر مثبت اور ثمر آور بات چیت کی جو آندھرا پردیش کی ترقی سے متعلق تھی ۔ میں ، انہیں یقین دلاتا ہوں کہ میری حکومت، ریاست اے پی کی ترقی کیلئے تمام تر تعاون کرے گی ۔ مودی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ ریڈی نے وزیر اعظم مودی کو شال اڑھائی اور گلدستہ پیش کیا اور انہوںنے دوسری بار وزیر اعظم بننے پر مودی کو مبارکباد دی ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ بی جے پی کے دیگر سینئر قائدین اور وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے بھی ملاقات کی ۔

جواب چھوڑیں