ہندوستان کیخلاف شکستوں کا سلسلہ انگلینڈ میں ختم ہوگا:انضمام

پاکستان کے سابق کپتان اور موجودہ چیف سلکٹر انضمام الحق کو یقین ہے کہ ان کی ٹیم اس مرتبہ ہندوستان کے خلاف مسلسل 6 ورلڈکپ میاچس میں شکست کے سلسلہ کو توڑنے میں کامیاب ہوگی۔ واضح رہے کہ روایتی حریفوں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 16 جون کو ورلڈکپ کا اہم ترین میاچ کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم ونڈے ورلڈکپ میں ابھی تک ہندوستان کے خلاف ایک بھی میاچ نہیں جیت پائی ہے تاہم سابق کپتان انضمام الحق نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ پاکستانی ٹیم آئندہ ماہ مانچسٹر میں یہ سلسلہ تورنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ انضمام نے کہاکہ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین ہمیشہ ہی ہند۔پاک مقابلہ کو پسند کرتے ہیں اور اس مرتبہ بھی دونوں ٹیموں کے مقابلہ کا انہیں بے چینی سے انتظار ہے۔ پاکستانی ٹیم کو ورلڈکپ سے قبل مسلسل 10 ونڈے میاچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑاہے جبکہ پہلے وارم اپ میاچ میں بھی اسے افغانستان جیسے کمزور ٹیم سے شکست اٹھانی پڑی جس کے باعث اسے تنقیدوں کا سامنا بھی رہا۔ تاہم چیف سلکٹر انضمام الحق کا ماننا ہے کہ وارم اپ میاچ میں جیت یا ہار کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ انضمام نے کہاکہ پاکستان کے خلاف فخر زمان‘ امام الحق‘ بابراعظم اور عابد علی جیسے نوجوان بلے باز ہیں جبکہ سرفراز احمد‘ محمد حفیظ اور شعیب ملک کی شکل میں تجربہ کار کھلاڑی بھی ہیں جو ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ چیف سلکٹر نے کہاکہ لیگ اسپنر شاداب خان ٹیم کیلئے اہم ثابت ہوںگے جبکہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی واپسی سے بولنگ لائن بھی کافی مضبوط ہوئی ہے۔ انضمام الحق نے کہاکہ میزبان انگلینڈ اور ہندوستان ورلڈکپ کے مضبوط دعویدار ہیں جبکہ ان کی ٹیم کو بھی نظرانداز نہیں کیاجاسکتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *