کے سی آرکی وجئے واٖڑہ میں چیف منسٹر اے پی سے ملاقات

تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے پیر کے روز وجئے واڑہ میں آندھراپردیش کے ہم منصب وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ملاقات کی اور انہیں 21جون کو منعقد شدنی کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ رائو‘ آج دوپہر وجئے واڑہ پہونچے ۔ کنکادرگا مندر میں پوجا کی بعدازاں کے سی آر یہاں سے چیف منسٹر اے پی جگن کی قیامگاہ روانہ ہوگئے جو صدر مقام امراوتی کے تاڑے پلی میں واقع ہے۔ کے چندرشیکھر رائو نے جگن کے ساتھ لنچ کیا اور جگن کو کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت میں مدعو کیا۔ ان دو چیف منسٹرس نے بین الریاستی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ایک ماہ کے اندر کے سی آر کا یہ دوسرا دورہ آندھراپردیش ہے۔ انہوں نے 30مئی کو وجئے واڑہ کا دورہ کرتے ہوئے جگن کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی تھی۔ کے سی آر نے 14جون کو ممبئی کا دورہ کرتے ہوئے چیف منسٹر اور گورنر مہاراشٹرا کو کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ دریائے گوداوری پر کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کا سنگ بنیاد 2016میں رکھا گیا تھا۔ اس وقت آندھراپردیش اسمبلی میں جگن موہن ریڈی اپوزیشن لیڈر تھے۔ جگن نے کالیشورم پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی شدید مخالفت کی تھی اور تلنگانہ حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ گوداوری کے پانی کا رخ اپنی طرف تبدیل کر رہی ہے اور جگن نے اے پی کے اس وقت کے چیف منسٹر چندرابابونائیڈو پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹی ڈی پی حکومت‘ ریاست کے عوام کے مفادات کے تحفظ میں ناکام رہی ہے۔ جگن کی زیر قیادت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے اے پی میں برسر اقتدار آنے کے بعد دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس‘ آپس میں دوستانہ تعلقات کو استوار کرنے کیلئے سلسلہ وار مذاکرات کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *