شاستری کے ہیڈکوچ برقرار رہنے کا امکان

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے عالمی کپ سیمی فائنل میں ہارکر باہر ہوجانے کے باوجود چیف کوچ روی شاستری کے اپنے عہدہ پر برقرار رہنے کی امید ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) شاستری کو ٹیم انڈیا کے چیف کوچ کے عہدہ پر برقرار رکھ سکتاہے۔ شاستری کی مدت آئی سی سی ورلڈ کپ تک ہی تھی۔ اگرچہ بی سی سی آئی کی منتظمین کمیٹی (سی او اے ) نے منگل کے روز سرکاری بیان جاری کرکے چیف کوچ کے بشمول ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نئے اسپورٹ اسٹاف کی تقرری کا عمل شروع کردیا ہے جس کیلئے نئی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں ۔ اس کیلئے 30 جولائی تک درخواست طلب کی گئی ہیں۔ ٹیم انڈیا کے چیف کوچ روی شاستری کا معاہدہ آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے دورہ کے بعد ختم ہوجائے گا۔ بی سی سی آئی نے اگرچہ کہاہے کہ موجودہ کوچنگ عملہ خود کار طریقہ سے اس عمل میں شامل رہے گا۔ شاستری، کپتان ویراٹ کوہلی کے پسندیدہ سمجھے جاتے ہیں اور ٹیم کو ان کی طریقہ کار کافی پسند ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ ٹیم انڈیا نے شاستری کی رہنمائی میں کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اگر وہ دوبارہ اس عہدے کیلئے درخواست دیتے ہیں تو انہیں ترجیح ملنا یقینی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کے سپورٹنگ عملے میں شاستری کے علاوہ گیند بازی کوچ بھرت ارون، بلے باز کوچ سنجے بانگر اور فیلڈنگ کوچ آر سری دھر شامل ہیں۔ سپورٹنگ اسٹاف کی مدت کار میں عالمی کپ کے بعد 45 دن کی توسیع کردی گئی ہے اور اس میں ویسٹ انڈیز کا 3 اگست سے 3 ستمبر تک کا دورہ شامل رہے گا۔ ہندوستان کو ویسٹ انڈیز کے دورے کے بعد 15 ستمبر کو اپنے گھریلو دورے کا آغاز جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے کرنا ہے۔ بھرتی کے عمل میں شامل ہونے کیلئے موجودہ عملے کو اپنی رضامندی ظاہر کرنی ہوگی۔ لیکن ٹیم کیلئے نیا ٹرینر اور فزیو کا انتخاب کیا جائے گا۔ ٹرینر شنکر باسو اور فزیو پیٹرک فرھارٹ ہندوستان کے سیمی فائنل میں باہر ہو جانے کے بعد اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے تھے۔

جواب چھوڑیں