تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کا پہلا قافلہ روانہ

تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کا پہلا قافلہ آج شمس آباد ایرپورٹ سے مدینہ منورہ کے لئے پرواز کیا۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان نے ایرپورٹ پر فلائٹ کو سبزپرچم دکھایا۔ پہلے قافلہ میں جملہ 423 عازمین مقدس سفر کے لئے روانہ ہوئے جن میں 420 کا تعلق پڑوسی ریاست کرناٹک کے اضلاع گلبرگہ اور بیدر سے ہے اور تین کا تعلق تلنگانہ سے ہے ۔ قبل ازیں تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز پر روح پرور مناظردیکھے گئے جہاں تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کو وداع کیاگیا۔ عازمین کو وداع کرنے کے لئے رشتہ داروں ، دوست احباب اور فرزندان توحید کی بڑی تعداد حج ہاؤز پر جمع تھی۔ دعاؤں کی التجاء کے ساتھ اشک بارآنکھوں سے عازمین کو وداع کیاگیا۔ صبح 7:15بجے ایرانڈیا کی خصوصی فلائٹ کے ذریعہ عازمین کا قافلہ ‘شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل سے مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوا۔ کل رات دیر گئے پہلے قافلہ کو خصوصی بسوں کے ذریعہ حج ہاؤز نامپلی سے ایرپورٹ منتقل کیا گیا۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں، چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ اور دوسروں نے عازمین کا استقبال کیااورحج ہاؤزسے پہلے قافلہ کو جھنڈی دکھاکر وداع کیا۔ دوسرے قافلوں کی روانگی کا 26 جولائی سے آغاز ہوگا اور یہ سلسلہ 4 اگست تک جاری رہے گا۔ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج ہاؤز اور ایرپورٹ پر عازمین کے لئے متاثرکن انتظامات کئے گئے ۔ اس موقع پر اراکین حج کمیٹی ودیگر موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *