ٹیم کیلئے زیادہ سے زیادہ رن بنانا چاہتاہوں:بابراعظم

پاکستانی ٹیم کے نوجوان بلے باز بابراعظم نے کہاکہ انہوں نے کبھی بھی ٹیم کی قیادت کی خواہش ظاہر نہیں کی اور وہ صرف پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ رنز کرنا چاہتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں نوجوان بلے باز نے کہاکہ قومی ٹیم کی قیادت کا فیصلہ کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا کام ہے اور کھلاڑیوں کا کام ان کے فیصلے کو تسلیم کرناہے، میں نے کبھی بھی قیادت کے بارے میں نہیں صرف پاکستان کیلئے کھیلنے کے بارے میں سوچاہے۔ انہوں نے کہاکہ میں ان لوگوں میں سے نہیں جو قیادت کے حصول کی کوششیں کرتے ہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ میری توجہ پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ رنز کرنے پر مرکوز ہے۔ بابراعظم نے مزید کہاکہ بورڈ جس کو بھی منتخب کرے گا وہ ہی بہترین انتخاب ہوگا، میرے خیال میں سرفراز احمد اچھے کپتان ہیں اور اس وقت احسن طریقہ سے اپنی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی کے تعلق سے سوال پر انہوں نے کہاکہ ہم نے عالمی کپ میں بہت سست آغاز کیا اور جب ہم نے اپنی بہترین فارم حاصل کی تو اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ نوجوان بلے باز نے کہاکہ ہمیں دو میچوں کی بھاری قیمت چکانی پڑی، پہلے ہمیں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بدترین شکست ہوئی جس سے ہمارا رن ریٹ بری طرح متاثر ہوا اور پھر آسٹریلیا کے خلاف ہم فتح کی راہ پر گامزن ہونے کے باوجود بھی میچ میں کامیابی حاصل نہ کرسکے۔ ہمیں اس میچ کو جیتنا چاہیے تھا لیکن یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے ہمیں دھکا لگا۔ انہوں نے کہاکہ ورلڈکپ کے ابتدائی مقابلوں میں زیادہ اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا اور میں اس سے بہتر کھیل پیش کرسکتا تھا تاہم اب میری کوشش ہوگی کہ میں دوبارہ ان غلطیوں کو نہ دہراؤں البتہ میں عالمی کپ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔انہوں نے کہاکہ عالمی کپ میں ٹیم بدقسمت ثابت ہوئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *