کشمیر میں اب دہشت گردی ختم ہوجائے گی: امیت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے دن زور دے کرکہا کہ جموں وکشمیر سے دفعہ 370کی برخواستگی کے نتیجہ میں دہشت گردی ختم ہوجائے گی اور علاقہ ترقی کرے گا۔ انہوں نے چینائی میں کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ دفعہ 370 سے ملک کو کوئی فائدہ نہیں تھا۔ اسے جانا ہی تھا۔ اب کشمیر میں دہشت گردی ختم ہوجائے گی اور وہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ذہن میں کوئی الجھن نہیں تھی کہ دفعہ 370 کی برخواستگی کے بعد کیا ہوگا۔ مودی کی بی جے پی حکومت نے اس ملک کو دفعہ370 سے پاک کردیا۔ امیت شاہ نے صدرنشین راجیہ سبھا وینکیانائیڈو کی بھی تعریف کی کہ انہوں نے اجلاس کی کاروائی بخوبی چلائی۔ امیت شاہ نے کہا کہ انہیں اندیشہ تھا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے وقت پارلیمنٹ میں جو ہوا تھا اس کا اعادہ نہ ہوجائے۔ بی جے پی صدر نے جو رکن لوک سبھا ہیں، کہا کہ دفعہ 370کی برخواستگی کے تعلق سے ان کے ذہن میں کوئی الجھن نہیں تھی۔ ان کا ماننا ہے کہ اس دفعہ سے ملک کو یا کشمیر کو کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اسے ہٹاناہی چاہئیے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ راجیہ سبھا میں بل کی پیشکشی کے وقت انہیں کچھ اندیشے تھے کہ ارکان کا ردعمل کیا ہوگا کیونکہ ایوان بالا میں ہمیں اکثریت حاصل نہیں۔ اس کے باوجود میں نے بل پہلے راجیہ سبھا میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ مرکز نے گذشتہ ہفتہ جموںو کشمیر سے دفعہ 370 برخواست کردی اور جموںو کشمیر کو لداخ کے ساتھ مرکزی زیرانتظام علاقوں میں بانٹ دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *