بی ونودکمار‘نائب صدرریاستی پلاننگ کمیشن مقرر

سابق رکن پارلیمنٹ کریم نگر وٹی آرایس کے سینئرقائدبی ونودکمارکا تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ کمیشن کے نائب صدر نشین کے عہدے پرتقرر عمل میںلایاگیاہے اس ضمن میں آج چیف منسٹرکے چندرشیکھررائووصدرنشین اسٹیٹ پلاننگ کمیشن نے فائل پردستخط کردیئے ہیں۔چیف منسٹرکے دفتر سے جاری کردہ اطلاع کے مطابق ریاست کی ترقی میں اسٹیٹ پلاننگ کمیشن کا کردارکلیدی نوعیت کا حامل ہے اس لئے اس اہم ادارہ کے نائب صدرنشین کے عہدہ پر تجربہ کار بی ونودکمار کو فائزکیاجارہا ہے ۔بتایا گیاہے کہ حکومت کی جانب سے سال2019-20 کا مکمل بجٹ پیش کیاجانے والا ہے اور بی ونودکمارتمام محکموںکے ذمہ داروں کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے تجاویزکاجائزہ لیں گے اور ریاست کے لئے بہترین بجٹ تیار کرنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے ۔اطلاع میںیہ بھی کہاگیاکہ بی ونود کمار کو کابینی وزیرکارتبہ حاصل رہے گااوروہ آئندہ تین سال تک اس عہدے پر برقرار رہتے ہوئے تمام کابینی اجلاسوں میں شرکت کریں گے ۔ وسیع سیاسی تجربہ کے حامل ریاست کے جغرافیائی‘ سماجی ‘معاشی صورتحال سے بخوبی واقف بی ونودکمارکی خدمات سے حکومت استفادہ کرناچاہتی ہے۔

جواب چھوڑیں