چیف منسٹر کے خلاف واٹس ایپ پر ویڈیو وائرل ‘خانگی ملازم گرفتار

ضلع منچریال میں پولیس نے ایک خانگی ملازم جس کی عمر 22 سال بتائی گئی ہے‘ کو گرفتار کرلیا جس پر واٹس ایپ پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ‘ رکن اسمبلی بیلم پلی درگم چنیا اور ٹی آر ایس کے چند مقامی قائدین کے خلاف نازیبا پیامات روانہ کرنے کا الزام ہے۔ یہ واقعہ کاسی پیٹ سنٹر میں پیش آیا۔ سب انسپکٹر کاسی پیٹ بھاسکر راؤ نے بتایا کہ ملزم کی شناخت ایس سامل کمار ولد تروپتی کی حیثیت سے کی گئی ہے اور وہ کاسی پیٹ سنٹر کا متوطن بتایا گیا ہے۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ کمار پر چیف منسٹر ‘ رکن اسمبلی اور ٹی آر ایس کے مقامی قائدین کے خلاف نازیبا مسیج کو واٹس ایپ پر گشت کرانے کا الزام ہے۔ چیف منسٹر کے خلاف ویڈیو کلپ‘ واٹس ایپ گروپ پر وائرل ہوگیا جس میں سامل کمار نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ نے اپنی برادری کے افراد کو فائدہ پہونچانے کے لئے رعیتو بھروسہ اسکیم کو متعارف کرایا ہے۔ اس نے مزید کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر پر کروڑہا روپے برباد کردیئے گئے ہیں۔ ویڈیو کلپ میں اس نے رکن اسمبلی بیلم پلی پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے حامیوں میں سبسیڈی کے ٹریکٹرس فراہم کئے ہیں۔ سب انسپکٹر نے اس طرح کی حرکت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور کہا کہ نازیبا اور دشنام طرازی کے پیامات والے ویڈیو کو وائرل کرنے پر متعلقہ گروپ کے ارکان ذمہ دار رہیں گے۔

جواب چھوڑیں