اظہر علی کو ٹسٹ ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا قوی امکان

ٹسٹ فارمیٹ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیاہے۔ ٹسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کیلئے کئی نام زیرغور تھے ۔ اوپننگ بلے باز شان مسعود، مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق اور سابق کپتان اظہر علی کو سرفراز احمد کی جگہ کپتان بنائے جانے کی خبریں زیرگردش تھیں۔ اب بتایا جارہا ہے کہ سرفراز احمد کو مسلسل مایوس کن کارکردگی کے باعث ٹسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیاہے۔ تاہم اس حوالہ سے جلد بازی میں کوئی اعلان نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا آغاز 27 ستمبر سے ہوگا۔ پاکستان اور سری لنکا کی سیریز کے آغاز سے قبل اظہر علی کو کپتان بنادیے جانے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سرفراز احمد کو مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کی ٹسٹ ٹیم کی کپتانی بھی سونپ دی گئی تھی۔ تاہم سرفراز احمد کی ٹسٹ میاچس میں انفرادی کارگردگی اور بطور کپتان کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں ٹیم، جو مصباح الحق کی کپتانی میں پہلی مرتبہ دنیا کی نمبر 1 ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کرپائی تھی، وہ گزشتہ 2 برس کے دوران کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے۔ اسی باعث اب سرفراز احمد سے ٹسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی واپس لیے جانے کی باتیں کی جارہی ہیں۔

جواب چھوڑیں