فخر ہے کہ ٹیم کیلئے بہترین مظاہرہ کرسکا: اسمتھ

انگلینڈ کے خلاف ایشیز سیریز میں بہترین کارکردگی کی بدولت پلیر آف دی سیریز کے خطاب سے نوازے گئے آسٹریلیائی بلے باز اسٹیو اسمتھ نے کہاکہ انہیں فخر ہے کہ وہ ٹیم کیلئے بہترین مظاہرہ کرسکے۔ انگلینڈ نے ایشیز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا کو 135 رنوں سے شکست دیکر 5 میاچس کی سیریز 2۔2 سے برابر کرلی حالانکہ گزشتہ ایشیز کی فاتح ہونے کی وجہ سے اس مرتبہ بھی یہ ٹرافی آسٹریلیا کے پاس ہی رہے گی۔ میچ کے بعد استمھ نے کہاکہ انگلینڈ میں پچھلے چند مہینوں کے دوران بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ مجھے خوشی ہے کہ میں ٹیم کیلئے اچھا کھیل سکا۔ آپ کو اپنے اوپر بس بھروسہ ہونا چاہئے۔ میچ کے درمیانی اووروں میں وکٹ بلے بازی کیلئے عمدہ تھی۔ میتھیو ویڈ کریز پر ٹکے رہے اور انہوں نے ثابت کردیا کہ اگر آپ مضبوطی کے ساتھ کھڑے رہو تو اس وکٹ پر اسکور کیاجا سکتا ہے۔ لیکن دیگر بلے باز ان کا ساتھ نہیں دے سکے۔ انگلینڈ کے تیز گیندباز اور پلیئر آف دی میچ کے خطاب سے نوازے گئے جوفرا آرچر کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں نے گزشتہ سال آرچر کو آئی پی ایل میں کھیلتے دیکھا تھا۔ ان کے پاس اچھی گیندبازی کا ہنر ہے۔ آرچر کا مستقبل کافی روشن ہے۔ آپ ہمیشہ ایک بہترین کھلاڑی کی حیثیت سے ابھرنا چاہتے ہیں۔ اس کیلئے آپ کو مسلسل مشقت کرنی ہوتی ہے اور ایسے ہی بہترین مظاہرہ کرتے رہناہے اور اپنی ٹیم کو فتحیاب کرانا ہے۔ اسمتھ نے ایشز کے 4 میاچس میں 144 ، 142 ، 92 ، 211 ، 82 ، 80 اور 23 رنز بنائے۔ اس کے ساتھ ہی اسمتھ کو مسلسل دوسری مرتبہ ایشز سیریز میں کامپٹن۔ملر ایوارڈ بھی دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ سابق کپتان اسٹیو اسمتھ نے ایشز سیریز میں شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے 774 رن بنائے ہیں جس میں ایک ڈبل سنچری بھی شامل ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *