اظہر کے بیٹے کی ثانیہ مرزا کی بہن سے دسمبر میں شادی

اظہر الدین کے بیٹے اسد اور ثانیہ مرزا کی چھوٹی بہن انم کی محبت کا ذکر سوشل میڈیا پر خوب زوروں پر ہے اور دونوں کی کئی تصویریں بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ ہندوستان کی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا جن کی شادی پاکستان کے معروف کرکٹر شعیب ملک کے ساتھ ہوئی ہے ان کی چھوٹی بہن کی شادی ہندوستان کے معروف کرکٹر اظہرالدین کے بیٹے اسد سے ہونے کی خبریں ہیں۔ ویسے اس خبر کی تصدیق خود ثانیہ مرزا نے انگریزی اخبار ٹائمس آف انڈیا سے ایک انٹر ویو میں کردی ہے۔ انم اور اسد کی شادی سے متعلق جو بھی خبریں چل رہی تھیں ان پر فل اسٹاپ لگاتے ہوئے ثانیہ مرزا نے کہاکہ اس سال دسمبر تک دونوں کی شادی ہوسکتی ہے۔ ثانیہ نے یہاں تک کہاکہ وہ حال ہی میں پیرس کے دورے سے آئی ہیں اور پورا خاندان اس شادی کو لے کر کافی پرجوش نظر آرہا ہے۔ ثانیہ نے کہاکہ اسد بہت ہی پیارا اور اچھا لڑکاہے۔ اسد کرکٹ کھیلتے ہیں اور انم فیشن ڈیزائنر ہے۔ واضح رہے کہ اسد اور انم دونوں کی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر ساتھ نظر آتی ہیں۔ یہ محض اتفاق ہے کہ دونوں بہنوں، ثانیہ اور انم، کے دلہوں کا کہیں نہ کہیں کرکٹ کی دنیا سے تعلق رکھنے والے لڑکوں سے ہے اور یہ بھی اتفاق ہے کہ دونوں بہنوں کی جہاں شادی ہورہی ہے ان میں یا تودلہا خود یا دلہا کے والد کو میچ فکسنگ کے الزامات سے گزرنا پڑا ہے۔ اظہر الدین جو ہندوستان کے اپنے وقت کے بہترین بلے باز اور کپتان تھے وہیں شعیب ملک پاکستان کے بہترین بلے باز تھے لیکن دونوں کی کھیل کی زندگی میں میچ فکسنگ کا سایہ بھی رہا ہے۔ شعیب ملک پر بھی سال 2010 میں ایک سال کی پابندی لگی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *