سمیع کا ریورس سوئنگ میں مہارت حاصل کرنا ٹیم انڈیا کیلئے فائدہ مند:روہت

ٹیم انڈیا کے سلامی بلے باز روہت شرما کو لگتاہے کہ محمد سمیع کا ریورس سوئنگ میں مہارت حاصل کرنا ہندوستان کیلئے دھیمی پچوں پر کافی فائدہ مند ثابت ہورہا ہے۔ سمیع نے ٹسٹ میچ میں پانچویں مرتبہ پانچ وکٹ حاصل کئے جس کی وجہ سے ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 203 رنوں سے مات دیدی۔ پریس کانفرنس میں محمد سمیع کی تعریف کرتے ہوئے روہت نے ان کے بریانی پیار کے بارے میں بھی بات کی۔ انڈین کرکٹ ٹیم کے انسٹاگرام پیج پر روہت کے اس بیان کا ویڈیو پوسٹ کیا گیاہے۔ اس کے ساتھ ہی کیپشن دیا گیاہے کہ ہٹ مین سے اس طرح کی نایاب باتوں کی امید کی جاسکتی ہے، یہ والا سمیع کیلئے تھا۔ اس میں روہت کہتے ہیں کہ ہم سب کو معلوم ہے کہ جب محمد سمیع تازہ دم ہوتاہے تو وہ کیا کرسکتا ہے۔ ساتھ ہی تھوڑی بریانی ملنے پر بھی۔ روہت شرما نے محمد سمیع کے بارے میں مزید کہاکہ ہم نے اس کو اس طرح کے حالات میں آج ہی گیند بازی کرتے نہیں دیکھا، بلکہ پہلے بھی دیکھاہے۔ مجھے اب بھی یاد ہے جب کولکتہ میں 2013 میں ہم نے ایک ساتھ کھیلا تھا تو پچ بالکل اس جیسی نہیں تھی لیکن چوتھے اور پانچویں دن پچ تھوڑی دھیمی ہوگئی تھی، ان پچوں میں کیسی گیند بازی کی جائے، جب اس کو پتہ چل جاتاہے کہ کچھ مدد ملے گی تو وہ ریورس سوئنگ حاصل کرلیتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *