اناج منڈی حادثہ کے مہلوکین کو راجیہ سبھا میں خراجِ عقیدت

دہلی کے رانی جھانسی روڈ پر اناج منڈی علاقے میں فیکٹری میں اتوار کو آگ لگنے سے ہلاک 43لوگوں کو راجیہ سبھا میں پیر کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے ارکان خاندان سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ زخمیوں کے علاج کے لئے بہتر انتظام کئے جائیں جس سے کہ وہ جلد صحت مند ہوسکیں اور ایسے حفاظتی انتظامات کئے جائیں کہ ایسے حادثے پھر رونما نہ ہوں۔اس کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کے وجے گوئل نے کہاکہ ایسے حادثے ہوتے رہتے ہیں لیکن انہیں روکنے کے کوئی پختہ انتظامات نہیں کئے جاسکے ہیں۔اپہارسنیما آگ حادثے سے بھی کوئی سبق نہیں لیاگیا۔انہوں نے کہاکہ اس موقع پر ہمیں یہ نہیں کہنا چاہئے کہ اس حادثے کے لئے کون ذمہ دار ہے ،یا اس میں کسی کی ٖغلطی نہیں ہے اور مل جل کر ہمیں ایسے پختہ انتطام کرنے چاہئیں جس سے ایسے حادثے دہرائے نہ جائیں۔عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ نے کہا کہ اس طرح کے حادثے روکنے کے لئے مل جل کر کوشش کرنی ہوگی۔اس موقع پر کسی طرح کی الزام تراشی نہیں کی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اس حادثے کے لئے نہ تو دہلی حکومت او رنہ ہی دہلی میونسپل کارپوریشن کو قصوروار قرار دیا جانا چاہئے ۔اس طرح کے حادثوں کو روکنے کے لئے مل بیٹھ کر کوئی حل نکالنا چاہئے ۔اس سے پہلے سبھی اراکین نے دو منٹ کے لئے خاموشی اختیار کرکے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *