کرناٹک ضمنی الیکشن : بی جے پی 12 اور کانگریس 2 نشستوں پر کامیاب

بی جے پی میں نئی جان آگئی ہے۔ اس نے 12 اسمبلی نشستیں جیت لیں جبکہ کانگریس کو صرف 2 پر اکتفا کرنا پڑا۔ 5 دسمبر کو منعقدہ کرناٹک ضمنی الیکشن میں جنتادل ایس کا صفایا ہوگیا۔ انتخابی عہدیدار جی جڈیپا نے بنگلورو میں آئی اے این ایس کو بتایا کہ تمام 15 اسمبلی نشستوں کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ۔بی جے پی نے 12 نشستیں جیتی ہیں اور کانگریس کے حصہ میں 2 نشستیں آئی ہیں۔ جنتادل ایس کا نتیجہ صفر رہا۔ جنتادل ایس کے تائیدی آزاد امیدوار نے بنگلورو رول کے حلقہ ہوسکوٹ سے جیت حاصل کی۔ کانگریس نے ضلع میسورو کے ہنسور اور بنگلورو سنٹرل کے شیواجی نگر سے جیت حاصل کی۔ 223 رکنی اسمبلی میں سادہ اکثریت (112)کے لئے برسراقتدار بی جے پی کو صرف 7 نشستیں درکار تھیں۔ اسے 7 سے زائد نشستیں حاصل ہوئیں اس طرح 4ماہ پرانی بی جے پی حکومت زائداز 3 سال برقرار رہے گی۔ موجودہ اسمبلی کی 5 سالہ میعاد مئی 2023 میں ختم ہوجائے گی۔ بی جے پی نے آج 50.3 فیصد ووٹ حاصل کئے جبکہ کانگریس کا تناسب 31.3 اور جنتادل ایس کا تناسب 15 اسمبلی حلقوں میں 12.1 فیصد رہا۔ بی جے پی نے کانگریس کے 11 اور جنتادل ایس کے 3 منحرف امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا۔ اس نے اپوزیشن سے نشستیں چھین لینے کے لئے یہ اقدام کیا تھا ۔ کانگریس نے تمام 15 حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑا کئے تھے لیکن صرف 2 پر اسے کامیابی ملی جبکہ جنتادل ایس نے 12 حلقوں سے الیکشن لڑا اور تمام 12 حلقے کھودیئے۔ جنتادل ایس نے ہوسکوٹ میں آزاد امیدوار شردکمار بچے گوڑا کی تائید کی تھی۔ بچے گوڑابی جے پی رکن لوک سبھا بی این بچے گوڑا کے فرزندہیں۔ بی جے پی نے ہوسکوٹ سے ایم ٹی بی ناگراج کو میدان میں اتارا تھا جنہوں نے انتخابی حلف نامہ میں اپنے اثاثے 1230 کروڑ کے بتائے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *