کوہلی‘ دھونی‘دھونی کے نعرے لگانے والے شائقین سے ناراض

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی گذشتہ روز ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران گرائونڈ میں موجود شائقین پر برس پڑے۔ میاچ کے دوران ہندوستانی وکٹ کیپر ریشبھ پنت نے فاسٹ بولر بھونیشور کمار کی گیند پر سلامی بلے باز ایون لیوس کا کیاچ چھوڑدیا جس کے فوری بعد شائقین نے دھونی دھونی کے نعرے لگانا شروع کردیا۔ شائقین کا یہ برتاو ہندوستانی کپتان کو پسند نہیں آیا اور انہوں نے شائقین کو اپنے غصہ کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے خاموش رہنے کو کہا۔ واضح رہے کہ گذشتہ چند دنوں سے ریشبھ پنت اپنی ناقص کارکردگی کے باعث مسلسل تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔ وہ نہ بیاٹ سے رن بنارہے ہیں اور نہ ہی وکٹ کے پیچھے بہتر کارکردگی پیش کرنے میں کامیاب ہورہے ہیں۔ ایسے میں شائقین اور بعض سابق کھلاڑیوں کا ماننا ہے کہ پنت کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میں ڈراپ کرتے ہوئے ایک اور نوجوان وکٹ کیپر سنجو سیمسن کو موقع فراہم کیاجائے۔ دھونی 2019 ورلڈکپ کے بعد سے ہی ٹیم سے باہر ہیں۔ انہیں سلکٹرس کی جانب سے مسلسل نظرانداز کیاجا رہاہے جس سے قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ ان کا بین الاقوامی کیریر اب ختم ہوچکاہے۔ تاہم پنت کے مسلسل ناقص مظاہرہ کو دیکھتے ہوئے بعض سینئر کھلاڑی دھونی کو دوبارہ ٹیم میں جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ چہارشنبہ 11 دسمبر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں کپتان کوہلی پنت پر بھی بھروسہ کرتے ہیں یا پھر سنجو سیمسن کو قطعی 11 کھلاڑیوں میں موقع فراہم کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ کل ہونے دوسرے مقابلہ میں ویسٹ انڈیز نے ٹیم انڈیا کو 8 وکٹس سے شکست دیکر 3 میاچس کی سیریز 1-1 سے مساوی کردی جبکہ تیسرا اور فیصلہ کن میاچ چہارشنبہ کو کھیلا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *