ایڈسیٹ کا شیڈول جاری‘ 24فروری سے درخواستوں کی وصولی

تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائر ایجوکیشن (ٹی ایس سی ایچ ای) کے صدرنشین پروفیسر پاپی ریڈی نے دو سالہ بی ایڈ کورس میں داخلہ کیلئے پیر کے روز یہاں تلنگانہ اسٹیٹ ایجوکیشن کامن انٹرنس ٹسٹ (ٹی ایس‘ ایڈ سیٹ) 2020کا شیڈول جاری کیا ہے۔ ایڈ سیٹ کا اعلامیہ 20فروری کو جاری کیا جائے گا جبکہ 24فروری سے بذریعہ آن لائن درخواستیں داخل کی جاسکیں گی۔درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 4اپریل مقرر کی گئی ہے۔ عام امیدوارکیلئے 650روپئے‘ ایس سی اور ایس ٹی امیدواروں کیلئے فیس 450روپئے رہے گی۔ ٹی ایس ایڈ سیٹ امتحان 23مئی کو 11بجے دن تا ایک بجے دن اور 3بجے سہ پہر تا 5بجے شام منعقد ہوگا۔ یہ ٹسٹ‘ تلنگانہ اور اے پی کے 14علاقائی مراکز پر بیک وقت منعقد کیا جائے گا ان مراکز میں حیدرآباد‘ کریم نگر‘ ورنگل‘ نرسم پیٹ‘ نظام آباد‘ کھمم‘ ستوپلی‘ دوداڑ‘ نلگنڈہ‘ محبوب نگر‘ عادل آباد‘ سدی پیٹ(میدک) وجئے واڑہ اور کرنول شامل ہیں۔ شیڈول کی اجرائی کے موقع پر رجسٹرار عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر سی ایچ گوپال ریڈی‘ وائس چیرمن کونسل فارہائر ایجوکیشن پروفیسر ایل لمبادری‘ پروفیسر وی وینکٹ رمنا‘ سکریٹری این سرینواس رائو اور کنوینر ایڈسیٹ پروفیسر ٹی مرونا لینی اور دیگر موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *