ریاست میں کے چندرشیکھر راو کی سالگرہ تقاریب

تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے کارکن اور لیڈران اپنے رہنما و چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو کی سالگرہ تقاریب بڑے پیمانہ پر آج منارہے ہیں۔ راو پیر کو66برس کے ہوگئے ۔یہ تقاریب ریاست بھر میں منائی جارہی ہیں۔کئی مقامات پر شجرکاری کی گئی،ہیلت کیمپس منعقد کئے گئے اور تصویری نمائش کا بھی اہتمام کرنے کے ساتھ ساتھ ٹی آرایس حکومت کے کارناموں کو تصویری نمائش کے ذریعہ اجاگر کیاگیا۔ٹی آرایس کے کارگزار صدر تارک راما راو جوچیف منسٹرکے فرزند اور وزیربلدی نظم ونسق ہیں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے پارٹی کیڈر سے اپیل کی تھی کہ وہ آج کے دن شجرکاری کریں۔آج انہوں نے اپنے والد کی سالگرہ کے موقع پرایک اور ٹوئیٹ کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے ٹوئیٹرپیام میں کہا ’’ہمہ گیر شخصیت،باہمت،شفیق،کرشماتی اورمتحرک شخصیت کو سالگرہ کی مبارکباد۔وہ شخصیت جن کو میں فخر کے ساتھ والد کہتا ہوں‘‘۔آپ کی طویل عمری کے لئے نیک تمنائیں اور آپ اپنے ویثرن اور عزم کے ساتھ ہمیشہ ہم میں جذبہ پیداکرتے رہیں۔اس دوران مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے پرگتی بھون پہونچکر چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کو ان کی 66ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔ ٹی آر ایس سربراہ کو جنم دن کی مبارکباد دینے والوں میں صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی‘ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی‘ وزرائ‘ ارکان پارلیمنٹ‘ اسمبلی‘ کونسل‘ میونسپل کارپوریشن کے مئیرس‘ صدور نشین کارپوریشنس‘ کمشنرس‘ ماہرین تعلیم‘ آئی اے ایس‘ آئی پی ایس اور آئی ایف ایس آفیسرس‘ مختلف تنظیموں‘ یونینوں کے قائدین و ذمہ داران شامل ہیں۔ دفتر چیف منسٹر سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند‘ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیانائیڈو‘ ریاستی اور گورنر ڈاکٹر ٹی سوندراراجن نے فون پر چیف منسٹر کو سالگرہ کی دل کی گہرائیوں کے ساتھ مبارکباد دی اور ان کی بہتر صحت‘ درازی عمر کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے سالگرہ کی مبارکباد دینے پر چیف منسٹر اے پی جگن موہن ریڈی‘ چیف منسٹر میگھالیہ کے سنگما اور سابق چیف منسٹر اے پی چندرابابونائیڈو سے اظہار تشکر کیا۔ دریں اثناء ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج کہا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو اگر ملک کے وزارت عظمی کے عہدہ پر فائز ہوں گے تب‘ ہندوستان بھی امریکہ کی طرح تیز رفتار ترقی کرے گا۔ چیف منسٹر کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کے بعد پارٹی سربراہ کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے محمد محمود علی نے کے چندرشیکھر رائو کو سچے سیکولر قائد قرار دیا جو ریاست کے عوام کے تمام طبقات کی یکساں ترقی اور بہبودی کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ریاست میں جن فلاحی و ترقیاتی اسکیمات وپروگراموں کو رائج کیا ہے ان کی ملک بھر میں ستائش کی جارہی ہے۔ ملک کی تمام ریاستیں‘ تلنگانہ کو رول ماڈل مان رہی ہیں۔ ریاستی وزیر داخلہ اور دیگر وزراء نے پیر کے روز ریاست اور شہر میں منعقدہ کئی تقاریب میں شرکت کی۔ یہ تقاریب کے چندرشیکھر رائو کی سالگرہ تقاریب کا حصہ تھیں۔ وزیراعظم نریندرمودی نے پیر کے دن تلنگانہ کے چیف منسٹر ٹی آرایس پارٹی کے سربراہ کے چندرشیکھر رائو کو ان کی سالگرہ پر مبادکباد دی۔ وزیراعظم مودی نے اپنے پیام میں کے سی آر کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور درازی عمر اور صحت کے بارے میں نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ آندھراپردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج تلنگانہ کے ہم منصب کے چندرشیکھر رائو کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ اپنے پیام میں جگن نے ٹی آر ایس سربراہ کے چندرشیکھر رائو کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ ان کی دلی خواہش ہے کہ کی سی آر طویل عرصہ تک عوام کی خدمت کرتے رہیں۔ کے سی آر کی بہتر صحت کیلئے وہ ہمیشہ دعاگو رہیں گے۔ آندھراپردیش کے سابق چیف منسٹر وٹی ڈی پی سربراہ این چندرابابونائیڈو نے کے سی آر کو مبارکباد پیش کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *