ہندوستان ویمنس ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں داخل

سولہ سالہ اوپنر شیفالی ورما46 رنوں کی کی ایک اور طوفانی اننگز اور شکھا پانڈے ناٹ آؤٹ 10 اور21رن پر ایک وکٹ کے بہترین آل راؤنڈ مظاہرہ کی بدولت ہندوستان نے ویمنس ٹی20ورلڈ کپ میں جیت کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے نیوزی لینڈ کوسنسنی خیزمقابلے میں تین رن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ۔ ہندوستانی ٹیم اس طرح ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے ۔ ہندوستان دو سال پہلے بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا تھا لیکن اس وقت اس کی مہم سیمی فائنل میں ہی تھم گئی تھی۔16سال کی نوجوان اوپنر شیفالی ورما نے اپنی دھماکہ خیز بلے بازی کے دوران 34گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے46رن کی طوفانی اننگز کھیلی جس کی بدولت ہندوستان نے20 اوورس میں آٹھ وکٹ پر133رن بنائے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ہدف کا پر زور پیچھا کیا لیکن ٹیم چھ وکٹ پر130رن ہی بنا سکی ۔ نیوزی لینڈ کو آخری اوور میں جیت کے لئے 16رن بنانے تھے لیکن شکھا پانڈے نے مخالف ٹیم کو 12رن ہی بنانے دئیے ۔ ہندوستان نے اس طرح جیت کی ہیٹرک مکمل کی۔شیفالی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ان کا مسلسل دوسرا پلیئر آف دی میچ ایوارڈ ہے ۔شکھا نے آخری اوور میں مخالف ٹیم پر لگام کسی اور اسے ہدف سے پہلے ہی روک لیا۔ایمیلیا نے 19 ویں اوور میں لیگ اسپنر پونم یادو کی گیندوں پر چار چوکے لگائے اور میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ آخری اوور میں ہیلی جینسن نے شکھا کی پہلی گیند پر چوکا مارا لیکن اگلی گیند پر شکھا ریٹرن کیچ نہیں لپک سکیں۔ تیسری گیند درست تھی اور ایمیلیا ایک رن ہی نکال سکیں انہوں نے پانچویں گیند پر چوکا مارا لیکن آخری گیند پر جینسن رن آؤٹ ہو گئیں اور ہندستان نے تین رنز سے میچ جیت لیا۔ ایمیلیا 34رن پر ناٹ آؤٹ رہ گئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *