حج کی منسوخی کی اطلاع بے بنیاد، افواہ : مسیح اللہ خان

چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان نے سوشل میڈیا پر سال 2020 کے حج کی منسوخی کی اطلاعات کو بے بنیاد اور افواہ قرار دیا اور سوشل میڈیا پر اس طرح کی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا انتباہ دیا ۔ آج یہاں دفتر حج کمیٹی حج ہاوز میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے مسیح اللہ خان نے ریاستی حج کمیٹی کے منتخب عازمین حج کو مشودہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا کی خبروں سے پریشان نہ ہوں۔ سنٹرل حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے حج کی منسوخی سے متعلق کوئی اطلاع ریاستی حج کمیٹی کو موصول نہیں ہوئی ۔ منتخب عازمین حج جو دوسری قسط ادا نہیں کئے ہیں وہ دوسری اور تیسری قسط ایک ساتھ ادا کرسکتے ہیں ۔ تیسری قسط ادا کرنے کی تاحال کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے ۔ اگر سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے سفر حج کی منسوخی کی کوئی اطلاع موصول ہوتی ہے تو منتخب عازمین کو اس بارے میں مطلع کیا جائے گا اور ان کی اداکردہ رقم محفوظ رہے گی ۔ سفر حج کی منسوخی پر یہ رقم انہیں واپس کردی جائے گی۔ انہوںنے ضلع حج سوسائٹیوں کو بھی مطلع کیا ہے کہ وہ حج سے متعلق ٹریننگ کیمپ منعقد نہ کریں ۔ سنٹرل حج کمیٹی کی ہدایت وصول ہونے تک وہ انتظار کریں ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ سفر حج سے متعلق وضاحت آنے میں کتنا وقت درکار ہوگا؟ انہوںنے کہا کہ واضح صورتحال سامنے آنے میں دو ماہ کا وقت درکار ہوسکتا ہے۔ اس سوال پر کہ سعودی سفیر متعینہ نئی دہلی کی جانب سے حج سال2020 کے منسوخی سے متعلق جو بیان آیا ہے اس سے عازمین میں الجھن پیدا ہوگئی ہے ؟، تو مسیح اللہ خان نے کہا کہ سفیر سعودی کا بیان ان حج آپریٹرس کیلئے ہے جس میں انہوںنے ( سفیر سعودی ) نے مکہ مکرمہ میں ہوٹلیں بک نہ کروانے اور عازمین حج سے رقومات وصول نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ سعودی حکومت موجودہ حالات کے پیش نظر اگر عازمین حج کی تعداد میںکمی کردے تو ایسی صورت میں منتخب عازمین حج کے درمیان دوبارہ قرعہ اندازی ہوگی؟ تو چیرمین حج کمیٹی نے کہا کہ اس کا فیصلہ سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا ۔ محمد مسیح اللہ خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ لاک ڈاؤن یا کرفیو کی پابندی کریں ۔ غیر ضروری اپنے مکانات سے باہر نہ نکلیں ، کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومت تلنگانہ کے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم متحدہ طور پر اس مہلک وائرس کے خاتمہ کا مقابلہ کرسکتے ہیں ۔ پریس کانفرنس میں اسٹیٹ ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی محمد عرفان شریف میں موجود تھے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *