پرنس چارلس میں کورونا کی تشخیص‘ باکسر جوشوا نے خود کو تنہا کرلیا

 ہیوی ویٹ ورلڈ چمپئن باکسر انتھونی جوشوا نے برطانیہ کے شہزادہ چارلس میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد اپنے آپ کو قرنطینہ کرلیاہے کیونکہ انہوں نے 16 روز قبل ویسٹ منسٹر ایبی میں شہزادہ چارلس سے ملاقات کی تھی۔ واضح رہے کہ انتھونی جوشوا نے شہزادہ چارلس کے ساتھ دولت مشترکہ گیمس کی ایک تقریب میں ملاقات کی تھی۔ برطانوی باکسر کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ برطانیہ حکومت کے کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے بعد گھر میں ہی رہتے ہوئے ’فٹ اور ٹھیک‘ ہیں۔ آج صبح یہ اعلان کیا گیاکہ پرنس چارلس میں کورونیوائرس کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ کلیرنس ہاؤس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پرنس چارلس میں کچھ علامات ظاہر ہوئی ہیں تاہم وہ اس وقت پوری طرح صحتیاب ہیں۔ 30 سالہ جوشوا 20 جون کو بلغاریہ کے کبرت پلیف سے لڑنے والے تھے تاہم خطرناک وائرس کی وجہ سے یہ لڑائی فی الحال ملتوی کردی گئی ہے۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایاکہ جوشوا میں کورونا وائرس کی کوئی علامت نہیں پائی گئی ہیں انہوں نے حکومت لاک ڈاؤن کی وجہ سے خود کو گھر میں الگ تھلگ کرلیاہے۔ واضح رہے کہ برٹش باکسنگ بورڈ آف کنٹرول نے رواں ہفتے باکسنگ کے تمام مقابلوں پر اپریل کے آخر تک پابندی میں توسیع کردی تھی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *