کورونا سے لڑنے میسی‘رونالڈو اور فیڈرر کی امداد

 کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو نے ایک ایک ملین یورو دینے کا اعلان کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاو کے بعد اسٹار فٹبالرز بھی انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت سامنے آرہے ہیں، اسپین میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔ اس صورتحال میں بارسلونا کلب کی نمائندگی کرنے والے لیونل میسی بھی پیچھے نہیں رہے، ان کی جانب سے دی جانے والی ایک ملین یوروز کی رقم بارسلونا کے ہسپتال، کلینکس اور دوسرے میڈیکل سنٹرز میں خرچ کی جائے گی۔ پرتگال میں کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی خدمات پیش کی ہیں، ان کی جانب سے 3 انتہائی خصوصی نگہداشت کے یونٹس بنائے جائیں گے، ان میں ایک 15 بیڈز پر مشتمل ہوگا جبکہ دو 10،10 بیڈز والے انتہائی خصوصی نگہداشت کے یونٹس ہوںگے۔ اسی دوران راجر فیڈرر نے کہا کہ انہوں نے اور ان کی اہلیہ میرکا نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں 10 لاکھ سوئس فرینکس کا عطیہ کیاہے۔ فیڈرر نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہاہے کہ یہ چندہ سوئزرلینڈ کے ’انتہائی کمزور خاندانوں‘ کی طرف دیا جارہا ہے۔ فیڈرر نے انسٹاگرام پر لکھا ’ہماری شراکت صرف ایک شروعات ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ دوسرے ضرورت مند مزید کنبوں کی امداد میں بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ مل کر ہم اس بحران پر قابو پاسکتے ہیں! صحتمند رہیں۔‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *