کورونا وائرس سے دنیا میں23,593 افراد ہلاک

دنیا کے 185 ممالک میں پھیل چکے کورونا وائرس(کووڈ-19)کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔اب تک اس خطرناک وائرس سے 23,593 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ تقریباً5 لاکھ ‘20ہزار593 اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ہندستان میں کورونا وائرس کا انفیکشن پھیلتا جارہا ہے اور ملک میں اب تک اس کے 606 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد 11 تک پہنچ چکی ہے ۔وزارت صحت نے کل بتایا کہ ملک میں کورونا کے 606 معاملوں کی تصدیق ہوچکی ہے ۔جن میں 563مریض ہندوستانی ہیں جبکہ 43 کا تعلق بیرون ممالک سے ہے ۔کورونا وائرس کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ابھی تک اس سے شدید طور پر متاثر چین کے لئے راحت کی بات یہ ہے کہ ووہان میں گذشتہ 3روز سے کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے ۔اس وائرس کے تعلق سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہوئی اموات کے 80 فیصد معاملے 60 سال سے زیادہ عمر والے افراد کے تھے ۔چین میں 81285 افراد اس متاثر ہوئے ہیں اور تقریباً 3287 کی موت ہو چکی ہے ۔گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے تعلق سے سنگین صورت حال اٹلی سے سامنے آئی ہے ۔عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ-19) سے سب سے زیادہ متاثر اٹلی میں اس انفیکشن سے اب تک 7503 افراد کی موت ہو گئی ہے ۔اٹلی کے محکمہ شہری سلامتی کے سربراہ اینجیلو بوریلی نے چہارشنبہ کو ٹیلی ویژن پر ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے درمیان اس وائرس سے 683 افراد کی موت ہوئی ہے ۔اٹلی میں کورونا کے 5210 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے مریضوں کی تعداد بڑھ کر74386 ہو گئی ہے ۔اسپین میں اس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3647ہو گئی ہے ۔تازہ اعدادوشمار کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 49515 ہے ۔خلیجی ملک ایران میں بھی کورونا وائرس کا قہر جاری ہے ۔ایران میں اس وائرس کی گرفت میں آکر 2077 جانیں تلف ہو چکی ہیں۔جبکہ 27017 افراد اس سے متاثر پائے گئے ہیں۔اٹلی اور ایران کے ساتھ اسپین میں بھی صورت حال کافی سنگین ہے ۔جنوبی کوریا میں ہلاکتوں کی تعداد 131 ہو چکی ہے ۔جبکہ 9241 افراد اس سے متاثرہوئے ہیں۔چینی نژاد شہریوں کی اچھی خاصی تعداد والے ملک امریکہ میں بھی یہ بیماری وسیع پیمانے پر پھیل چکی ہے ۔امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 942 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 65778 اس سے متاثر ہیں۔چین کے علاوہ اٹلی ،ایران،امریکہ اور جنوبی کوریا سمیت دنیا کے بیشتر ممالک کو اس وائرس نے اپنی گرفت میں لے لیا ہے ۔اس سے متاثرہ نصف سے زیادہ معاملے اب چین سے باہر کے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق چین کے بعد اٹلی میں اس جان لیوا وائرس نے وسیع پیمانے پرتباہی مچائی ہوئی ہے جس سے یہاں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چین سے تقریبا دوگنی ہوچکی ہے ۔دنیا کے دیگر ممالک میں بھی صورت حال بے حد سنگین بنی ہوئی ہے ۔فرانس میں بھی اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 1331 ہوگئی ہے ۔جبکہ 25233 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔برطانیہ میں اب تک کورونا وائرس سے 463،نیدرلینڈ356،جرمنی 206،سوئٹز رلینڈ 149،بیلجیم 178،جاپان 43،انڈونیشیا 58،ترکی 44،سویڈن 44،فلپائن 38،برازیل 57، عراق 27،کناڈا 27،یونان 20،ملیشیا 19،پرتگال43 اورڈنمارک میں34 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ ہمسایہ ملک پاکستان میں بھی کورونا کا اثر زیادہ ہے ۔وہاں اب تک 1022افراد میں اس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 8اس بیماری سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔بنگلہ دیش میں102 افراد متاثر ہیں۔نیپال میں ابھی تک صرف3 افراد ہی اس سے متاثر ہوئے تھے جو علاج کے بعد صحت یاب ہو چکے ہیں۔افغانستان میں 79 افراد کے متاثر ہونے کی خبر ہے ۔مہلک کورونا وائرس پرتشویش کا ظاہر کرتے ہوئے اقوام متحدہ نے اس انفیکشن کی روک تھام کے لئے ایک کروڑ پچاس لاکھ امریکی ڈالر کے تعاون کی پیش کش کی ہے ۔اس فنڈ کا استعمال بالخصوص ان ممالک میں کیا جائے گا جوطبی اعتبار سے کمزور ہیں۔عالمی ادارۂ صحت نے کورونا وائرس کے خلاف لڑائی کے لئے 67 کروڑ 50لاکھ ڈالر جمع کرنے کی اپیل کی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ گذشتہ سال دسمبر کے اواخر میں چین کے ہوبئی صوبہ کے دارالحکومت ووہان سے کورونا وائرس کامعاملہ سامنا آیا تھا جو اب تک دنیا کے بیشتر ممالک کو اپنی گرفت میں لے چکا ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *